کارکن سڑکوں پر اسلحہ بردار، لیڈر بلٹ پروف گاڑیوں میں چھپے ہیں، خواجہ آصف
وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ کارکن سڑکوں پر اسلحہ لے کر موجود ہیں جبکہ ان کے لیڈر بم پروف اور بلٹ پروف سرکاری گاڑیوں میں چھپے ہوئے ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ عدالت کے احکامات اور عائد کردہ شرائط کی کھلی خلاف ورزی کی گئی، جبکہ احتجاج کے دوران ہیلی کاپٹر اور سرکاری وسائل بھی استعمال کیے گئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اسلحہ بردار جلوس بھی نکالے گئے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ اگر کوئی لیڈر اپنے کارکنوں کے ساتھ کھڑا ہونے کا دعویٰ کرتا ہے تو اسے مشکل وقت میں بھی ان کے ساتھ موجود ہونا چاہیے۔ انہوں نے پی ٹی آئی قیادت کے کردار پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ کارکن سڑکوں پر ہوں اور قیادت محفوظ گاڑیوں میں رہے، یہ طرز عمل قابلِ سوال ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ اگر حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات نتیجہ خیز بھی ہوجائیں تو عدالت کے احکامات اور طے شدہ شرائط کی پاسداری کی ضمانت کیا ہوگی۔ ان کے مطابق نیشنل ایکشن پلان پر سب کا اتفاق اور اس کا احترام موجود ہے، تاہم پی ٹی آئی اس پر رضامند نہیں۔








