کامن ویلتھ گیمز: ارشد ندیم جیولین تھرو کے فائنل میں پہنچ گئے، محمد یاسر سلطان کو ناکامی
پاکستان کے قومی ہیرو اور اسٹار جیولین تھرو ایتھلیٹ ارشد ندیم نے کامن ویلتھ گیمز کے جیولین تھرو ایونٹ کے فائنل کے لیے کامیابی سے کوالیفائی کر لیا، جبکہ دوسرے پاکستانی ایتھلیٹ محمد یاسر سلطان فائنل میں جگہ بنانے میں ناکام رہے۔ گلاسگو میں جاری ایونٹ کے کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے ٹاپ 12 ایتھلیٹس میں اپنی جگہ یقینی بنالی۔
ارشد ندیم نے پہلی کوشش میں 78.63 میٹر کی تھرو پھینکی، جس نے انہیں مضبوط پوزیشن دلا دی۔ ان کی دوسری کوشش ضائع ہوگئی، جبکہ تیسری کوشش میں انہوں نے 75.65 میٹر کی تھرو کی۔ مجموعی کارکردگی کی بنیاد پر وہ فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہے۔ جیولین تھرو کا فائنل کل کھیلا جائے گا، جہاں پاکستانی شائقین کو ارشد ندیم سے ایک اور شاندار کارکردگی اور ممکنہ میڈل کی امید ہے۔
دوسری جانب محمد یاسر سلطان اپنی بہترین کوششوں کے باوجود فائنل تک رسائی حاصل نہ کر سکے۔ ان کی پہلی تھرو ضائع ہوگئی، دوسری کوشش میں انہوں نے 71.42 میٹر جبکہ تیسری کوشش میں 74.36 میٹر کی تھرو کی، تاہم یہ فاصلہ انہیں ٹاپ 12 میں جگہ دلانے کے لیے کافی ثابت نہ ہوا۔
بھارت کے اولمپک چیمپئن نیرج چوپڑا نے بھی کوالیفائنگ راؤنڈ میں حصہ لیا۔ پہلی تھرو میں وہ ارشد ندیم سے پیچھے رہے، تاہم دوسری کوشش میں 79.61 میٹر کی تھرو پھینک کر انہوں نے اپنی پوزیشن بہتر بنائی اور فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
ادھر ارشد ندیم کے آبائی شہر میاں چنوں میں خوشی کا ماحول دیکھنے میں آیا۔ ان کے گھر پر اہل علاقہ کی بڑی تعداد جمع ہوئی اور کوالیفائنگ راؤنڈ براہ راست دیکھا۔ گاؤں کے لوگوں نے قومی ہیرو کی کامیابی کے لیے خصوصی دعائیں کیں اور امید ظاہر کی کہ ارشد ندیم فائنل میں بھی شاندار کارکردگی دکھا کر پاکستان کے لیے ایک اور اعزاز حاصل کریں گے۔








