کراچی: کراچی بندرگاہ پر 400 میٹر طویل دیوہیکل بحری جہاز لنگر انداز، بندرگاہ کی بڑھتی استعداد اور عالمی معیار کی سہولیات کا مظہر قرار۔
کراچی: کراچی بندرگاہ پر ایک اور دیوہیکل بحری جہاز لنگر انداز ہوگیا، جسے بندرگاہ کی بڑھتی ہوئی استعداد اور عالمی معیار کی سہولیات کا عکاس قرار دیا جا رہا ہے۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ کے مطابق بحری جہاز ایم ایس سی ڈلیٹا ساؤتھ ایشیا پاکستان ٹرمینل پر کامیابی سے لنگر انداز ہوا۔ جہاز کی لمبائی 400 میٹر، چوڑائی 67 میٹر جبکہ وزن 2 لاکھ 55 ہزار 288 ٹن بتایا گیا ہے۔
ترجمان کراچی پورٹ ٹرسٹ کا کہنا ہے کہ بڑے بحری جہاز کی آمد کراچی بندرگاہ کے عالمی معیار کے بنیادی ڈھانچے اور آپریشنل مہارت کا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی بندرگاہ خطے میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ اور بڑے بحری جہازوں کی آمد کے حوالے سے اہم مرکز بنتی جا رہی ہے۔







