کوئٹہ: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 10 مبینہ دہشت گرد ہلاک، 2 خاتون خودکش حملہ آوروں سمیت 3 افراد گرفتار۔
کوئٹہ: بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز نے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائیاں کرتے ہوئے 10 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک جبکہ 2 خاتون خودکش حملہ آوروں اور ایک مبینہ سہولت کار کو گرفتار کر لیا۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ضلع سوراب اور مستونگ میں مشترکہ سرچ اور ٹارگٹڈ آپریشنز کیے گئے۔ سوراب میں کارروائی کے دوران 7 جبکہ مستونگ میں 3 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مستونگ میں کارروائی کے دوران مبینہ طور پر فتنہ الہندوستان سے وابستہ 2 خاتون خودکش حملہ آوروں اور ایک سہولت کار کو گرفتار کیا گیا۔ کارروائیوں کے دوران اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
بیان کے مطابق علاقے میں مزید سرچ آپریشن جاری ہیں تاکہ کسی بھی مبینہ دہشت گرد یا سہولت کار کو گرفتار کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت منظور شدہ عزمِ استحکام وژن کے مطابق سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے بیرونی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے۔







