کراچی: جائیداد تنازع پر بیٹی کا والدہ اور سابق امن کمیٹی رکن کے خلاف مقدمہ درج

کراچی: جائیداد تنازع پر بیٹی کا والدہ اور سابق امن کمیٹی رکن کے خلاف مقدمہ درج

کراچی: لیاری میں جائیداد کے تنازع نے سنگین صورتحال اختیار کرلی، جہاں ایک خاتون نے اپنی والدہ شیریں بانو اور کالعدم لیاری امن کمیٹی کے سابق رکن شاہد رحمان سمیت دیگر افراد کے خلاف اغوا، بھتہ خوری، تشدد، رقم چھیننے اور قتل کی دھمکیاں دینے کا مقدمہ درج کروا دیا۔

مقدمہ کلری تھانے میں 7 نومبر 2026 کو درج کیا گیا۔ مدعیہ عائشہ بی بی کے مطابق عزیز آباد میں واقع خاندانی پلاٹ کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم میں ان کا حصہ تقریباً 50 لاکھ روپے سے زائد تھا، جو انہوں نے اپنے بھائی رضوان کے پاس امانتاً رکھوایا تھا۔

خاتون نے الزام عائد کیا کہ 21 جولائی کو شاہد رحمان اپنے ساتھیوں کے ہمراہ اسلحے کے زور پر ان کے والد کو اغوا کرکے بھائی کے گھر لے گیا، جہاں بھائی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد رقم سے بھرا بیگ چھین لیا گیا۔ بعدازاں ان کے والد کو گھر کے قریب چھوڑ دیا گیا۔

مدعیہ کے مطابق رقم کی واپسی کا مطالبہ کرنے پر انہیں عمارت خالی کرنے کے لیے دباؤ اور مسلسل دھمکیوں کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے 2 نومبر کو والدہ اور دیگر افراد کی جانب سے مبینہ بدسلوکی، تشدد اور کپڑے پھاڑنے کا بھی الزام عائد کیا۔ مزید برآں، 5 اور 6 نومبر کی درمیانی شب بعض افراد نے عمارت کے کرایہ داروں کو کرایہ انہیں ادا کرنے کی دھمکی دی۔

پولیس نے خاتون کے بیان پر شیریں بانو اور شاہد رحمان سمیت نامزد ملزمان کے خلاف تعزیرات پاکستان کی دفعات 109، 504، 506-B، 354، 395 اور 365 کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے، تاہم تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔

دوسری جانب ذرائع کا دعویٰ ہے کہ شاہد رحمان مبینہ طور پر لیاری گینگ وار کے کارندوں کو دوبارہ منظم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔ پولیس کی جانب سے ان الزامات کی مزید تحقیقات اور قانونی کارروائی کی صورتحال سامنے آنا باقی ہے۔

More News