ڈیرہ اسماعیل خان میں کوچ اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم، 3 افراد جاں بحق، 13 زخمی
ڈیرہ اسماعیل خان: ڈیرہ اسماعیل خان میں تبلیغی جماعت کے افراد کو لے جانے والی کوچ اور موٹر سائیکل کے درمیان خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق جبکہ خواتین اور بچوں سمیت 13 مسافر زخمی ہوگئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی میڈیکل ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔ بعد ازاں تمام زخمیوں کو مزید علاج کے لیے مفتی محمود اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں، جبکہ حادثے میں جاں بحق ہونے والے تینوں افراد کی میتیں ضروری قانونی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں۔
زخمیوں کی شناخت ٹیکہ خان، سدیس، وحید گل، میر خان، ارسلہ خان، غلام یاسین، فتح محمد، یوسف، ناظم شاہ، مشرف، حیات شاہ، سراج اور گلفام کے ناموں سے ہوئی ہے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام متاثرین کو طبی امداد فراہم کی اور اسپتال منتقل کیا۔ حادثے کے بعد زخمیوں کو طبی سہولیات فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔







