کراچی میں جنریٹر کا دھواں کمرے میں بھرنے سے 2 افراد جاں بحق، 4 بے ہوش
کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ کی بھٹائی کالونی میں کمرے کے اندر جنریٹر کا دھواں بھر جانے سے 6 افراد بے ہوش ہوگئے، جنہیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق متاثرہ افراد کو انڈس اسپتال کورنگی کیمپس پہنچایا گیا، جہاں اسپتال ترجمان نے بتایا کہ 2 افراد کی حالت تشویشناک تھی۔ ڈاکٹروں کی بھرپور کوششوں کے باوجود دونوں جانبر نہ ہوسکے۔
اسپتال ترجمان کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں 18 سالہ ندیم اور 20 سالہ وقاص شامل ہیں۔ متاثرہ افراد میں سے بیشتر کا تعلق نواب شاہ جبکہ ایک شخص کا تعلق حیدرآباد سے بتایا گیا ہے۔
متاثرہ شخص کے مطابق صبح بجلی کی بندش کے بعد ایل پی جی جنریٹر چلایا گیا، جس کے بعد کمرے میں دھواں بھرنے سے تمام افراد کی حالت غیر ہوگئی۔ اسپتال انتظامیہ کے مطابق واقعے میں متاثر ہونے والے دیگر 4 افراد کی حالت خطرے سے باہر ہے۔








