پاکستان میں ہاکی کی بحالی کا سال ثابت ہو رہا ہے، پی ایچ ایف صدر
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے کہا ہے کہ رواں سال پاکستان میں ہاکی کے کھیل کی بحالی کا سال ثابت ہورہا ہے، جبکہ مینز کے ساتھ ساتھ ویمنز ہاکی کی ترقی اور ترویج پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔
محی الدین احمد وانی کے مطابق پاکستان ہاکی فیڈریشن ویمنز ہاکی کی ترقی اور گراس روٹ سطح سے قومی ٹیم تک مضبوط اور پائیدار نظام کے قیام کے لیے مکمل طور پر متحرک ہے۔
انہوں نے کہا کہ قومی انڈر 21 ویمنز ہاکی چیمپئن شپ کے کامیاب انعقاد کے بعد پاکستان کی ویمنز ہاکی ٹیم نے عمان میں منعقدہ جونیئر انڈر 21 ٹورنامنٹ میں ملک کی نمائندگی کی، جبکہ اب ٹیم انڈر 18 چیمپئن شپ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔
پی ایچ ایف صدر کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر یہ پیش رفت کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو نکھارنے اور انہیں مستقبل کے عالمی مقابلوں کے لیے تیار کرنے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔ فیڈریشن جونیئر اور سینئر دونوں ویمنز ٹیموں کی ترقی اور استعداد کار بڑھانے کے لیے سرمایہ کاری جاری رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ فیڈریشن فٹنس، تکنیکی مہارت، جدید حکمت عملی، اسپورٹس سائنس اور جدید ٹیکنالوجی سمیت کھیل کے تمام شعبوں میں عالمی معیار کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
محی الدین احمد وانی نے مزید کہا کہ آنے والے مہینوں میں پاکستان ویمنز ہاکی ٹیم کے لیے عالمی سطح کے بین الاقوامی کوچ کی خدمات حاصل کی جائیں گی، تاکہ کھلاڑیوں کو جدید اور مخصوص تربیت فراہم کی جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کا بنیادی مقصد ایک ایسی مسابقتی ویمنز ہاکی ٹیم تیار کرنا ہے جو عالمی سطح پر کامیابیاں حاصل کرکے پاکستان کی ہاکی کی دیرینہ اور قابل فخر وراثت کو دوبارہ بحال کرسکے۔








