کرسٹیانو رونالڈو کا 23 سالہ انٹرنیشنل کیریئر اختتام پذیر
پرتگال کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر کرسٹیانو رونالڈو نے انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا، جس کے ساتھ ہی ان کا تقریباً 23 سالہ شاندار بین الاقوامی کیریئر اختتام پذیر ہوگیا۔
41 سالہ اسٹار فٹبالر نے سوشل میڈیا پر اپنے پیغام میں پرتگال کی قومی ٹیم کی جرسی نمبر 7 کو الوداع کہنے کا اعلان کیا۔ رونالڈو کے مطابق نومبر کے انٹرنیشنل میچز کے بعد وہ قومی ٹیم کی نمائندگی نہیں کریں گے۔
رونالڈو نے اگست 2003 میں پرتگال کی جانب سے انٹرنیشنل ڈیبیو کیا تھا۔ انہوں نے اپنے کیریئر کے دوران قومی ٹیم کی جانب سے 234 میچز کھیلے اور ریکارڈ 146 گول اسکور کیے، جو مردوں کے بین الاقوامی فٹبال میں عالمی ریکارڈ ہے۔
ان کی قیادت میں پرتگال نے 2016 میں پہلی مرتبہ یورپی فٹبال چیمپئن شپ کا ٹائٹل جیتا، جبکہ 2019 اور 2025 میں یوئیفا نیشنز لیگ بھی اپنے نام کی۔
کرسٹیانو رونالڈو نے اپنے الوداعی پیغام میں کہا کہ قومی ٹیم کی جرسی پہننا ان کے لیے 23 سال تک اعزاز اور ذمہ داری رہی۔ انہوں نے پرتگالی عوام، ساتھی کھلاڑیوں، کوچز، ٹیم کے عملے اور اہل خانہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔
انٹرنیشنل فٹبال سے ریٹائرمنٹ کے باوجود رونالڈو کلب فٹبال کھیلتے رہیں گے اور سعودی عرب کے کلب النصر کی نمائندگی جاری رکھیں گے۔








