گندم کی امدادی قیمت 4500 روپے فی من مقرر، کسانوں کو مکمل ادائیگی یقینی بنائیں گے، رانا تنویر
اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت نے گندم کی امدادی قیمت 4500 روپے فی من مقرر کردی ہے اور کسانوں کو مقررہ قیمت کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کسانوں کے معاشی تحفظ اور زرعی شعبے کے استحکام کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے کسانوں پر زور دیا کہ وہ گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے کھادوں کا متوازن استعمال یقینی بنائیں۔
رانا تنویر حسین نے کہا کہ کھادوں کا غیر متوازن استعمال نہ صرف زرعی پیداوار بلکہ زمین کی زرخیزی کو بھی متاثر کرتا ہے۔ مٹی کے تجزیے کی بنیاد پر کھادوں کا استعمال پیداوار میں اضافے کا مؤثر ذریعہ ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ گندم کی بہتر پیداوار کے لیے معیاری بیج، متوازن کھاد اور جدید زرعی طریقوں کو اپنانا ضروری ہے۔ کسان زرعی ماہرین کی سفارشات کے مطابق کھادوں کا بروقت استعمال کریں تاکہ فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ ممکن بنایا جاسکے۔
وفاقی وزیر کے مطابق گندم کی پیداوار میں اضافہ نہ صرف کسانوں کی آمدن بہتر بنانے بلکہ ملک میں غذائی تحفظ یقینی بنانے کے لیے بھی اہم ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت اور کسانوں کی مشترکہ کوششوں سے زرعی شعبے کو مستحکم اور گندم کی پیداوار میں اضافہ کیا جاسکتا ہے۔








