گوگل کا پاکستان میں آن لائن سیفٹی کیلئے ڈیجیٹل پاسبان پروگرام کا آغاز
اسلام آباد: گوگل نے پاکستان میں بچوں، والدین اور خاندانوں کو آن لائن خطرات سے محفوظ رکھنے اور ڈیجیٹل آگاہی بڑھانے کے لیے ڈیجیٹل پاسبان پروگرام کا افتتاح کردیا ہے۔
پروگرام کے تحت 2 لاکھ خاندانوں کو گوگل کے آن لائن سیفٹی ٹولز کے استعمال اور ڈیجیٹل تحفظ سے متعلق تربیت فراہم کی جائے گی۔ گوگل کے مطابق اس اقدام کا مقصد والدین اور بچوں کو انٹرنیٹ کے محفوظ اور ذمہ دارانہ استعمال کے لیے عملی معلومات اور ضروری وسائل فراہم کرنا ہے۔
گوگل کے کلسٹر ڈائریکٹر فرحان ایس قریشی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں گوگل کی موجودگی دنیا کے لیے ایک مثبت پیغام ہے کہ پاکستان ٹیکنالوجی اور کاروبار کے لیے کھلا ہے۔
گوگل کے نائب صدر گورنمنٹ افیئرز اینڈ پبلک پالیسی ولسن وائٹ نے کہا کہ کمپنی آن لائن سیفٹی کو بنیادی اہمیت دیتی ہے اور اس کی مصنوعات میں پہلے ہی مختلف حفاظتی خصوصیات شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ گوگل ڈیجیٹل پاسبان پروگرام پر عملدرآمد کے لیے 5 لاکھ ڈالر خرچ کرے گا۔ ان کے مطابق پروگرام کا مقصد خاندانوں کو عملی ڈیجیٹل سیفٹی ٹولز اور ڈیجیٹل لٹریسی سے متعلق وسائل فراہم کرنا ہے۔
ولسن وائٹ نے کہا کہ اس پروگرام کے ذریعے بچوں کو آن لائن دنیا میں محفوظ اور پراعتماد انداز میں آگے بڑھنے میں مدد ملے گی، جبکہ تربیت حاصل کرنے کے بعد والدین اپنے بچوں کو نامناسب آن لائن مواد اور دیگر ممکنہ خطرات سے بہتر طور پر محفوظ رکھ سکیں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ بچوں کی تربیت اور آن لائن تحفظ میں والدین اور اساتذہ کا مرکزی کردار ہے۔
انہوں نے بتایا کہ بچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق روزانہ سینکڑوں شکایات موصول ہوتی ہیں۔ ان کے مطابق پی ٹی اے بطور ریگولیٹر اپنی ذمہ داریاں ادا کررہا ہے اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ساتھ قریبی رابطے میں ہے۔
حفیظ الرحمٰن نے کہا کہ موجودہ دور میں کنیکٹیویٹی انتہائی ضروری ہے اور ٹیکنالوجی کو روکا نہیں جاسکتا، اس لیے ضروری ہے کہ نئی ٹیکنالوجیز کو مؤثر قوانین اور ضوابط کے ساتھ مثبت انداز میں استعمال کیا جائے۔
چیئرمین پی ٹی اے کے مطابق اتھارٹی سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کو صارفین کی شکایات اور مقامی قوانین سے آگاہ کرتی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پاکستان سے متعلق شکایات کے معاملے میں گوگل کا کمپلائنس ریٹ سب سے زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجیز کے مثبت استعمال کے ذریعے نوجوان نسل کے مستقبل کو محفوظ، بہتر اور ترقی پسند بنایا جاسکتا ہے۔








