ہمارا ایران کے ساتھ ایک منصفانہ اور اچھا معاہدہ ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

ایران کے ساتھ منصفانہ اور اچھا معاہدہ طے پایا ہے، ایران جوہری ہتھیار حاصل نہیں کر سکے گا، ڈونلڈ ٹرمپ

 

دوحہ: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ایک منصفانہ اور اچھا معاہدہ طے پایا ہے، جس کے تحت ایران جوہری ہتھیار نہ تیار کرے گا اور نہ ہی حاصل کر سکے گا۔

امیرِ قطر کے ساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ امریکا ایران میں کوئی سرمایہ کاری نہیں کر رہا، تاہم دونوں ممالک کے درمیان طے پانے والا معاہدہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے اہم پیش رفت ہے۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدہ اب اگلے مرحلے میں داخل ہو رہا ہے اور اس کی بنیادی شرط یہ ہے کہ ایران کسی بھی صورت جوہری ہتھیار حاصل نہیں کرے گا۔ ان کے مطابق مفاہمتی یادداشت پر بھی اسی مقصد کے تحت دستخط کیے گئے ہیں۔

امریکی صدر نے خبردار کیا کہ اگر ایران نے مستقبل میں دوبارہ جوہری ہتھیار حاصل کرنے یا تیار کرنے کی کوشش کی تو اسے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔

انہوں نے قطر کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ خطے میں کشیدگی کم کرنے اور ایران کے ساتھ تنازع کے خاتمے کے لیے قطر نے مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ بحران کے دوران قطری قیادت نے معاملے کو انتہائی دانشمندی سے سنبھالا، جبکہ ایرانی حملوں کے دوران قطری عوام نے بھی بہادری کا مظاہرہ کیا۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اسرائیل اور لبنان کی صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اسرائیل کو واضح طور پر کہا تھا کہ بیروت پر حملہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ ان کے مطابق خطے میں امن کے قیام کے لیے تحمل اور ذمہ دارانہ طرزِ عمل ضروری ہے۔

امریکی صدر نے عالمی تنازعات پر بات کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ وہ دنیا میں آٹھ جنگوں کے خاتمے میں کردار ادا کر چکے ہیں۔ انہوں نے روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس تنازع میں ہزاروں افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں اور امریکا جنگ بندی کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ روس کو بھی معاہدے کی جانب پیش رفت کرنی چاہیے تاکہ خطے میں امن بحال ہو سکے۔

ٹرمپ نے ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ امریکا نے گزشتہ برس ایران کی جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا اور حالیہ بحران کے دوران بعض اقدامات ناگزیر ہو گئے تھے۔ ان کے مطابق امریکا کا مقصد خطے میں استحکام برقرار رکھنا اور جوہری پھیلاؤ کو روکنا ہے۔

More News