صدر مملکت آصف علی زرداری نے 4 قانونی بلز کی منظوری دے دی

صدر مملکت آصف علی زرداری نے 4 اہم قانونی بلز کی منظوری دے دی

اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری نے مختلف قانونی اور انتظامی امور سے متعلق چار اہم بلز کی منظوری دے دی، جن کا مقصد ملکی اداروں کے قانونی و انتظامی ڈھانچے کو مزید مؤثر بنانا ہے۔

ایوانِ صدر سے جاری تفصیلات کے مطابق صدر مملکت نے کیریج بائی ایئر بل اور مالی ذمہ داری و قرضوں کی حدود کے تعین سے متعلق بل کی منظوری دے دی ہے۔ ان قوانین کا مقصد فضائی نقل و حمل کے نظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور مالی نظم و ضبط کو مزید مضبوط بنانا ہے۔

صدر مملکت نے پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی بل اور اقبال اکیڈمی بل کی بھی منظوری دی۔ ان بلز کی منظوری سے متعلقہ اداروں کی کارکردگی اور انتظامی امور کو بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

دریں اثنا صدر آصف علی زرداری نے ایک اہم انتظامی فیصلے کے تحت عائشہ حمیرا چوہدری کی بطور رکن وفاقی پبلک سروس کمیشن (FPSC) تقرری کی بھی منظوری دے دی ہے۔

حکومتی حلقوں کے مطابق ان بلز کی منظوری سے مختلف شعبوں میں قانونی اصلاحات اور ادارہ جاتی استحکام کو فروغ ملے گا، جبکہ انتظامی معاملات کو مزید مؤثر اور شفاف بنانے میں بھی مدد حاصل ہوگی۔

More News