ہنگو حملہ: خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ پر دہشت گردی کا مقدمہ درج
پشاور: ہنگو کے علاقے خزینہ بانڈہ چیک پوسٹ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کا مقدمہ محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کوہاٹ میں درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق مقدمہ انسدادِ دہشت گردی ایکٹ سمیت 16 مختلف دفعات کے تحت ایس ایچ او سی ٹی ڈی کوہاٹ کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے۔ ایف آئی آر میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ دہشت گردوں نے بھاری اور خودکار ہتھیاروں سے چیک پوسٹ کو نشانہ بنایا، جبکہ حملے کے آغاز میں گورنمنٹ اسکول خزینہ میں قائم پولیس چوکی پر ڈرون حملہ بھی کیا گیا۔
ایف آئی آر کے مطابق ڈرون حملے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے، جس کے بعد اضافی نفری ڈی ایس پی کی قیادت میں علاقے کی جانب روانہ کی گئی، تاہم راستے میں دہشت گردوں نے ڈرونز اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں سرکاری گاڑیوں اور بکتر بند گاڑی (اے پی سی) کو نقصان پہنچا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد پولیس کا اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے، جبکہ حملے کے بعد علاقے میں سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا گیا۔ واقعے کی مزید تحقیقات سی ٹی ڈی کوہاٹ کر رہی ہے۔
حکام کے مطابق اس حملے میں مجموعی طور پر 11 پولیس اہلکار شہید اور 28 زخمی ہوئے تھے۔








