یوٹیوب اور نیٹ فلکس میں مقابلہ، کری ایٹرز کے لیے کروڑوں ڈالرز کے پیکیجز

یوٹیوب اور نیٹ فلکس میں مقابلہ، کری ایٹرز کے لیے کروڑوں ڈالرز کے پیکیجز

ڈیجیٹل ویڈیو پلیٹ فارمز کے درمیان بڑھتے ہوئے عالمی مقابلے نے یوٹیوب اور نیٹ فلکس کے درمیان مواد اور مقبول کنٹینٹ کری ایٹرز کو اپنی جانب راغب کرنے کی دوڑ تیز کردی ہے۔ یوٹیوب نے اپنے بڑے کری ایٹرز کو پلیٹ فارم سے منسلک رکھنے کے لیے کروڑوں ڈالرز کے مالیاتی پیکیجز کی پیشکش کی ہے۔

امریکی نشریاتی ادارے بلومبرگ کے مطابق یوٹیوب کری ایٹرز کو مالی فوائد دینے کے لیے دو مختلف طریقوں پر غور کررہا ہے۔ ان میں مخصوص پروگراموں کی براہِ راست فنڈنگ اور بڑے تجارتی معاہدوں سے حاصل ہونے والی آمدنی میں کری ایٹرز کو حصہ دینا شامل ہے۔

رپورٹ کے مطابق اگرچہ ابھی تمام معاہدے باضابطہ طور پر حتمی نہیں ہوئے، تاہم یوٹیوب متعدد معروف کنٹینٹ کری ایٹرز کے ساتھ معاہدوں کو حتمی شکل دینے کے قریب پہنچ چکا ہے۔ اس اقدام کا مقصد مقبول کری ایٹرز کو نیٹ فلکس سمیت دیگر اسٹریمنگ پلیٹ فارمز کی جانب منتقل ہونے سے روکنا ہے۔

یوٹیوب کی جانب سے اپنے کری ایٹرز کو ایک سخت انتباہ بھی دیا گیا ہے۔ کمپنی کے اعلیٰ حکام نے واضح کیا ہے کہ جو کری ایٹرز نیٹ فلکس پر اپنا مواد پیش کریں گے یا وہاں لائیو اسٹریمنگ کریں گے، انہیں یوٹیوب کی بعض مارکیٹنگ مہمات سے الگ کیا جاسکتا ہے۔

یوٹیوب پہلے ہی دنیا بھر میں وسیع ناظرین اور بڑی تعداد میں کری ایٹرز کا حامل پلیٹ فارم ہے۔ مالیاتی اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال یوٹیوب کی مجموعی آمدنی 60 ارب ڈالرز سے تجاوز کرگئی تھی، جبکہ گزشتہ چار برسوں کے دوران کمپنی اپنے کری ایٹرز میں 100 ارب ڈالرز سے زیادہ رقم تقسیم کرچکی ہے۔

دوسری جانب نیٹ فلکس بھی نوجوان ناظرین کو اپنی جانب متوجہ کرنے کے لیے یوٹیوب کے مقبول ڈیجیٹل مواد اور پروگرامز کے لائسنس حاصل کررہا ہے۔ کوکومیلن جیسے مقبول مواد کی نیٹ فلکس پر موجودگی اس حکمت عملی کا حصہ ہے۔

ماہرین کے مطابق دونوں پلیٹ فارمز کے درمیان بڑھتا ہوا مقابلہ مستقبل میں کنٹینٹ کری ایٹرز کے لیے نئے مالی مواقع پیدا کرسکتا ہے، تاہم اس کے ساتھ پلیٹ فارمز کی جانب سے کری ایٹرز کو اپنے ساتھ رکھنے کے لیے سخت شرائط اور مراعات کا رجحان بھی مزید بڑھ سکتا ہے۔

More News