یوٹیوب کی کم از کم ادائیگی کی حد 100 سے کم کرکے 20 ڈالر کرنے کی آزمائش شروع
ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم یوٹیوب نے تخلیق کاروں کے لیے کم از کم ادائیگی کی حد 100 ڈالر سے کم کرکے 20 ڈالر کرنے کی آزمائش شروع کردی ہے۔
اس نئی سہولت کے تحت محدود صارفین کو اب 100 ڈالر کی آمدنی مکمل ہونے کا انتظار نہیں کرنا پڑے گا بلکہ 20 ڈالر جمع ہونے پر بھی ادائیگی موصول ہوسکے گی۔
رپورٹ کے مطابق اس سہولت کی آزمائش امریکا، بھارت اور انڈونیشیا کے محدود صارفین پر کی جارہی ہے۔ فی الحال یوٹیوب پارٹنر پروگرام کے تحت عموماً ادائیگی کے لیے اکاؤنٹ میں کم از کم 100 ڈالر ہونا ضروری ہے۔
اس ممکنہ تبدیلی کا مقصد کم آمدنی حاصل کرنے والے یوٹیوب تخلیق کاروں کے لیے ادائیگی کا عمل آسان بنانا ہے تاکہ وہ اپنی آمدنی پہلے کے مقابلے میں جلد وصول کرسکیں۔
تاہم یہ سہولت ابھی آزمائشی مرحلے میں ہے اور اسے دنیا بھر میں متعارف کرانے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ پاکستانی یوٹیوب تخلیق کاروں کے لیے بھی فی الحال اس تبدیلی کے اطلاق کی تصدیق نہیں ہوئی۔








