پشاور: خستہ حال اسکولوں کے طلبہ محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا فیصلہ
پشاور: محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا نے خطرناک اور خستہ حال اسکولوں میں زیرِ تعلیم طلبہ کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ڈائریکٹوریٹ آف ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے اس حوالے سے تمام ضلعی ایجوکیشن افسران کو مراسلے جاری کردیئے ہیں۔ مراسلے کے مطابق محکمہ مواصلات و تعمیرات (سی اینڈ ڈبلیو) اور تکنیکی ماہرین نے متعدد سرکاری اسکولوں کی عمارتوں کو خطرناک قرار دیا ہے۔
محکمہ تعلیم نے ہدایت کی ہے کہ خطرناک قرار دی گئی عمارتوں کو فوری طور پر خالی کرایا جائے اور طلبہ کو اسی اسکول کی محفوظ عمارت یا قریبی سرکاری اسکول میں منتقل کیا جائے۔
مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر قریبی سرکاری اسکول میں گنجائش موجود نہ ہو تو کرائے کی عمارت میں کلاسز کا انتظام کیا جائے۔ تاہم پوری عمارت بند کرنے کے بجائے صرف خطرناک حصوں یا کمروں کو سیل کیا جائے۔
محکمہ تعلیم کے اس اقدام کا مقصد طلبہ کو غیر محفوظ عمارتوں میں تعلیمی سرگرمیاں جاری رکھنے سے روکنا اور ان کی حفاظت یقینی بنانا ہے۔







