پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی مستحکم، بلا تعطل سپلائی حکومت کی اولین ترجیح: وزیر خزانہ

پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی مستحکم، بلا تعطل سپلائی حکومت کی اولین ترجیح: وزیر خزانہ

اسلام آباد:ویب ڈیسک

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ بروقت منصوبہ بندی، متنوع درآمدی حکمت عملی اور متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطے کی بدولت عالمی اتار چڑھاؤ کے باوجود ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی فراہمی مستحکم رہی ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کی نگرانی کے لیے قائم کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، جس میں ملک میں توانائی کی فراہمی کی صورتحال اور عالمی منڈیوں میں تیل و گیس کی قیمتوں کے رجحانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ خام تیل اور ریفائنڈ پیٹرولیم مصنوعات کے ذخائر تسلی بخش سطح پر موجود ہیں، جبکہ درآمدی معاہدوں اور جاری پیداوار کے باعث ان ذخائر کو مزید تقویت حاصل ہو رہی ہے۔ بریفنگ میں یہ بھی بتایا گیا کہ درآمدی ٹرمینلز سے لے کر ریفائنریز، ذخیرہ گاہوں اور ریٹیل آؤٹ لیٹس تک سپلائی چین معمول کے مطابق کام کر رہی ہے، جس سے ملک بھر میں ایندھن کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔

اجلاس کو آگاہ کیا گیا کہ بحری اور لاجسٹک نظام کے ذریعے ایندھن کی ترسیل شیڈول کے مطابق جاری ہے، جبکہ مارچ اور اپریل کے لیے پیٹرول کے کارگو بڑی حد تک یقینی بنائے جا چکے ہیں اور مزید کھیپیں بھی منصوبہ بندی میں شامل ہیں۔

شرکا کو بتایا گیا کہ ملکی ریفائنریز اپنی معمول کی استعداد کے مطابق کام کر رہی ہیں اور خام تیل کی مؤثر پراسیسنگ جاری ہے۔ اجلاس میں عالمی توانائی منڈیوں میں قیمتوں کے رجحانات اور ان کے ملکی معیشت پر اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ بین الاقوامی اور مقامی قیمتوں کے فرق کو مدنظر رکھتے ہوئے متوازن اور بروقت پالیسی سازی جاری رکھی جائے۔ اس کے علاوہ عالمی جغرافیائی و سیاسی حالات اور ان کے توانائی کی فراہمی پر ممکنہ اثرات پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔

اجلاس میں جی ٹو جی معاہدوں اور دیگر اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا، جن کا مقصد توانائی کی فراہمی کو مزید محفوظ بنانا اور ممکنہ خطرات کو کم کرنا ہے۔ مختلف ممالک کے ساتھ متنوع ذرائع سے تیل کی درآمد، ذخیرہ اندوزی اور ترسیل کے بہتر انتظامات پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ہدایت کی کہ عالمی حالات، ذخائر اور سپلائی چین کی مسلسل نگرانی جاری رکھی جائے تاکہ بروقت اور مؤثر فیصلے ممکن بنائے جا سکیں۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے مربوط حکمت عملی اور دانشمندانہ منصوبہ بندی جاری رکھی جائے گی۔

More News