کراچی میں سرکاری نرخ پر آٹے کی فراہمی جاری، دو ہفتوں میں ایک لاکھ 61 ہزار سے زائد تھیلے فروخت

کراچی میں عوام کو سستے داموں آٹا فراہم کرنے کے لیے کمشنر کراچی اور فلور ملز مالکان کے اشتراک سے سرکاری نرخ پر آٹے کی فراہمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ انتظامیہ کے مطابق اس اقدام کا مقصد شہر میں آٹے کی قیمتوں کو مستحکم رکھنا اور شہریوں کو مہنگائی کے دور میں ریلیف فراہم کرنا ہے۔

ترجمان کمشنر کراچی کے مطابق شہر بھر میں قائم فلور ملز کے خصوصی اسٹالز پر ایکس مل آٹا 125 روپے فی کلو کے حساب سے فروخت کیا جا رہا ہے، جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 1,250 روپے میں دستیاب ہے۔ شہری مقررہ سرکاری نرخ پر آٹا خرید رہے ہیں، جس سے کھلے بازار میں قیمتوں کو قابو میں رکھنے میں بھی مدد مل رہی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کراچی میں مجموعی طور پر ایک لاکھ 61 ہزار 10 کلوگرام کے آٹے کے تھیلے سرکاری نرخ پر فروخت کیے گئے۔ اس وقت شہر بھر میں 92 فلور ملز سرکاری قیمت پر آٹے کی فراہمی کے عمل میں شریک ہیں اور مختلف اضلاع میں قائم اسٹالز کے ذریعے عوام کو آٹا فراہم کیا جا رہا ہے۔

ضلع وار تفصیلات کے مطابق ضلع شرقی کی 14 فلور ملز نے 323 دس کلو آٹے کے تھیلے فروخت کیے، ضلع غربی میں ایک فلور مل کے ذریعے 22 تھیلے فروخت ہوئے، جبکہ ضلع کیماڑی کی 7 فلور ملز کے اسٹالز پر 1,461 تھیلے فروخت کیے گئے۔ اسی طرح ضلع کورنگی میں 41 فلور ملز کے ذریعے 4,582 تھیلے، ضلع وسطی میں 8 فلور ملز کے ذریعے 2,489 تھیلے، جبکہ ضلع ملیر میں 31 فلور ملز کے اسٹالز پر 1,633 دس کلو آٹے کے تھیلے فروخت کیے گئے۔

کمشنر کراچی کا کہنا ہے کہ فلور ملز مالکان کے تعاون سے جاری اس منصوبے کا مقصد عوام کو مناسب قیمت پر معیاری آٹا فراہم کرنا اور مصنوعی مہنگائی کی روک تھام کرنا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق مستقبل میں بھی سرکاری نرخ پر آٹے کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ شہریوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

More News