گھوٹکی: اوباڑو سول کورٹ سے 2 خطرناک ڈاکو فرار

گھوٹکی: اوباڑو سول کورٹ سے 2 خطرناک ڈاکو فرار

گھوٹکی کے علاقے اوباڑو میں پیشی کے لیے سول کورٹ لائے گئے دو خطرناک ڈاکو پولیس کو چکمہ دے کر عدالت کے احاطے سے فرار ہوگئے۔ پولیس کے مطابق دونوں ملزمان نے عدالت کی ایک کھڑکی توڑ کر فرار ہونے میں کامیابی حاصل کی۔

پولیس حکام کے مطابق فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت راحب شر اور موریو شر کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں ملزمان انتہائی خطرناک قرار دیے جاتے ہیں اور سندھ حکومت کی جانب سے ان کے سر کی قیمت 50،50 لاکھ روپے مقرر کی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق دونوں ڈاکوؤں کو تقریباً تین ماہ قبل رونتی کچے میں کیے گئے پولیس آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد انہیں مختلف مقدمات میں عدالت کے سامنے پیش کیا جا رہا تھا، تاہم پیشی کے دوران دونوں ملزمان پولیس کی حراست سے فرار ہوگئے۔

واقعے کے فوراً بعد پولیس نے علاقے میں ناکہ بندی کردی اور فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں شروع کردی ہیں۔ پولیس کی جانب سے اطراف کے علاقوں میں بھی سرچ آپریشن جاری ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ عدالت سے ملزمان کے فرار ہونے کے واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ سیکیورٹی انتظامات اور غفلت کے پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کا اعلان کیا ہے۔

More News