یوٹیوب پریمیئم صارفین کو جھٹکا، سبسکرپشن فیس میں اضافہ
ویب ڈیسک: یوٹیوب پریمیئم صارفین کو ایک اور اضافی مالی بوجھ کا سامنا ہے، کیونکہ گوگل نے مختلف ممالک میں اشتہارات سے پاک ویڈیوز دیکھنے کے لیے یوٹیوب پریمیئم کی ماہانہ سبسکرپشن فیس میں اضافہ شروع کردیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق گوگل نے یورپ کے بعض ممالک اور سنگاپور میں یوٹیوب پریمیئم کے مختلف منصوبوں کی قیمتوں میں تقریباً 10 سے 15 فیصد تک اضافے کی تصدیق کی ہے۔ نئی قیمتیں صارفین کی آئندہ بلنگ سائیکل سے لاگو ہوں گی، جس کا مطلب ہے کہ فوری طور پر تمام صارفین کو اضافی رقم ادا نہیں کرنا ہوگی۔
رپورٹس کے مطابق جن صارفین کی اگلی ادائیگی 23 ستمبر یا اس کے بعد مقرر ہے، ان سے نئی شرح کے مطابق فیس وصول کی جائے گی۔ اس طرح موجودہ صارفین کو اپنی اگلی ادائیگی کے وقت سبسکرپشن کی نئی قیمت کا سامنا کرنا پڑے گا۔
بعض یورپی ممالک میں یوٹیوب پریمیئم کے انفرادی پلان کی ماہانہ فیس 13.99 یورو سے بڑھا کر 15.99 یورو کردی جائے گی۔ فن لینڈ میں انفرادی سبسکرپشن کی قیمت 14.99 یورو سے بڑھ کر 16.99 یورو ہوجائے گی، جبکہ رومانیہ میں ماہانہ فیس 29 سے بڑھا کر 32 رومانی لیو کردی گئی ہے۔
اسی طرح سنگاپور میں بھی صارفین کے لیے نئی قیمتیں متعارف کرائی گئی ہیں۔ وہاں یوٹیوب پریمیئم کے انفرادی پلان کی ماہانہ فیس 13.98 سے بڑھ کر 15.98 سنگاپوری ڈالر ہوجائے گی۔ فیملی پلان کی قیمت میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، جو 27.98 سے بڑھ کر 31.98 سنگاپوری ڈالر ماہانہ ہوجائے گی۔
گوگل کی جانب سے مختلف ممالک میں قیمتوں میں اضافے کی تفصیلات مرحلہ وار جاری کی جارہی ہیں، اس لیے مختلف خطوں میں صارفین کے لیے سبسکرپشن کی نئی قیمتیں ایک جیسی نہیں ہوں گی۔
اس سے قبل امریکا میں بھی یوٹیوب پریمیئم کے بعض منصوبوں کی ماہانہ فیس میں 4 ڈالر تک اضافہ کیا جاچکا ہے۔ کمپنی مختلف مارکیٹس میں اپنی قیمتوں کا تعین مقامی حالات، ٹیکسز، آپریٹنگ اخراجات اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھتے ہوئے کرتی ہے۔
یوٹیوب پریمیئم صارفین کو اشتہارات کے بغیر ویڈیوز دیکھنے کے علاوہ بیک گراؤنڈ پلے، آف لائن ویڈیوز ڈاؤن لوڈ کرنے اور یوٹیوب میوزک پریمیئم سمیت مختلف سہولیات فراہم کرتا ہے۔
اگرچہ یوٹیوب پریمیئم کی قیمتوں میں عموماً بار بار اضافہ نہیں کیا جاتا، تاہم حالیہ عرصے میں مختلف ممالک میں فیس بڑھانے کا عمل مرحلہ وار جاری ہے۔ صارفین کو اپنی اگلی بلنگ سے قبل اپنے اکاؤنٹ میں نئی قیمت ضرور چیک کرنی چاہیے تاکہ انہیں اضافی چارجز کے بارے میں پہلے سے آگاہی ہو۔








