خیبرپختونخوا کے 627 سرکاری اسکول غیر فعال، محکمہ تعلیم کی رپورٹ جاری
پشاور: خیبرپختونخوا میں 627 سرکاری اسکولوں کے غیر فعال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ محکمہ تعلیم نے سالانہ سروے رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں صوبے کے مختلف اضلاع میں سرکاری تعلیمی اداروں کی صورتحال سامنے آگئی۔
رپورٹ کے مطابق ضم شدہ اضلاع میں 411 جبکہ بندوبستی علاقوں میں 216 سرکاری اسکول غیر فعال ہیں۔ ان میں سے 226 اسکول اساتذہ کی عدم دستیابی کے باعث بند ہیں، جبکہ 66 اسکول طلبہ نہ ہونے کی وجہ سے غیر فعال قرار دیے گئے ہیں۔
محکمہ تعلیم کے مطابق 28 اسکول تنازعات جبکہ 11 اسکول قبضے کے باعث بند ہیں۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ غیر فعال اسکولوں کی تعداد کے اعتبار سے شمالی وزیرستان 111 اسکولوں کے ساتھ سرفہرست ہے، جبکہ جنوبی وزیرستان اپر میں 99 اور اپر کوہستان میں 68 اسکول غیر فعال ہیں۔
تعلیمی اداروں کی بڑی تعداد میں غیر فعالیت صوبے میں تعلیم کے شعبے کو درپیش انتظامی اور بنیادی مسائل کی نشاندہی کرتی ہے۔ اساتذہ کی کمی، طلبہ کی عدم دستیابی، تنازعات اور دیگر رکاوٹوں کے باعث متاثرہ اسکولوں میں تعلیمی سرگرمیاں بحال نہیں ہو سکیں۔
محکمہ تعلیم کی رپورٹ کے اعداد و شمار کے بعد ضرورت اس امر کی ہے کہ غیر فعال اسکولوں کی وجوہات کا جائزہ لے کر انہیں دوبارہ فعال بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، تاکہ بچوں کو ان کے علاقوں میں تعلیمی سہولیات میسر آسکیں۔








