خیبرپختونخوا کے تمام ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ

خیبرپختونخوا کے تمام ہسپتالوں میں فائر سیفٹی انتظامات مزید مؤثر بنانے کا فیصلہ

پشاور: خیبرپختونخوا کے تمام سرکاری ہسپتالوں اور صحت کے مراکز میں فائر سیفٹی کے انتظامات کو مزید مؤثر اور جامع بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے سیکرٹری صحت فیاض علی شاہ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، پی ڈی ایم اے، سیکرٹری ریلیف، تمام میڈیکل سپرنٹنڈنٹس اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں صوبے کے تمام ہسپتالوں میں موجود فائر سیفٹی انتظامات، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے طریقہ کار اور ایمرجنسی رسپانس سسٹم کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری صحت نے ڈویژنل اور ضلعی سطح پر فائر سیفٹی کمیٹیاں تشکیل دینے کی ہدایت بھی کردی۔

حکام کو صوبے کے تمام سرکاری ہسپتالوں اور صحت مراکز کا تفصیلی معائنہ مکمل کرکے ایک ہفتے کے اندر جامع رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں ہنگامی اخراج کے راستوں، فائر فائٹنگ آلات، ایمرجنسی رسپانس اور دیگر حفاظتی انتظامات کا جائزہ شامل ہوگا۔

اجلاس میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ ہسپتالوں میں کسی بھی ہنگامی صورتحال کے دوران مریضوں، تیمارداروں اور طبی عملے کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر نظام موجود ہونا ضروری ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق ریسکیو 1122، سول ڈیفنس، پی ڈی ایم اے اور ہسپتال انتظامیہ کے درمیان رابطہ کاری مزید بہتر بنائی جائے گی تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر کارروائی ممکن ہوسکے۔

حکام نے واضح کیا کہ صوبے کے تمام صحت مراکز میں محفوظ ماحول کی فراہمی محکمہ صحت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ فائر سیفٹی معائنوں کے ذریعے موجود خامیوں کی نشاندہی کرکے انہیں دور کرنے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔

More News