لارڈز ٹیسٹ: عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو نشر ہونے پر پی سی بی کا اسکائی اسپورٹس سے احتجاج
لندن: لارڈز ٹیسٹ کے پہلے روز سابق وزیراعظم اور قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان کے بیٹوں قاسم خان اور سلیمان خان کا انٹرویو نشر ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اسکائی اسپورٹس سے باضابطہ احتجاج کیا۔
سابق انگلش کپتان اور اسکائی اسپورٹس کے براڈکاسٹر مائیک ایتھرٹن نے قاسم اور سلیمان خان کا انٹرویو کیا تھا، جسے بعد ازاں اسکائی اسپورٹس پر نشر کردیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی نے لنچ بریک سے قبل ہی براڈکاسٹر سے رابطہ کرکے انٹرویو نشر کرنے پر اعتراض کیا تھا۔
کرک انفو کے مطابق پی سی بی کی جانب سے مبینہ طور پر اسکائی اسپورٹس کو بتایا گیا کہ اگر انٹرویو نشر کیا گیا تو پاکستانی کھلاڑی لنچ کے بعد میدان میں واپس نہ آنے کے آپشن پر غور کرسکتے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی اور اسکائی اسپورٹس کے درمیان گفتگو کے بعد براڈکاسٹر نے انٹرویو کچھ دیر کے لیے مؤخر کردیا، تاہم بعد میں تقریباً 18 منٹ پر مشتمل انٹرویو نشر کردیا گیا۔
انٹرویو نشر ہونے تک پاکستانی ٹیم کے کھلاڑی دوسرے سیشن کے لیے میدان میں واپسی کی تیاری کر رہے تھے۔ کھلاڑیوں کو دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر میدان میں واپس آنا تھا۔
مائیک ایتھرٹن نے یہ انٹرویو بدھ کی صبح لارڈز کے رائٹرز روم میں قاسم اور سلیمان خان سے کیا تھا۔ اسکائی اسپورٹس نے ٹیسٹ میچ سے قبل اس انٹرویو کا مختصر ٹیزر بھی نشر کیا تھا۔
دوسری جانب پاکستان میں ٹیسٹ سیریز کی نشریات کرنے والے پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) نے عمران خان کے بیٹوں کا یہ انٹرویو نشر نہیں کیا۔
یہ معاملہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان لارڈز میں دوسرا ٹیسٹ جاری ہے اور میچ کے دوران براڈکاسٹ مواد سے متعلق پی سی بی اور اسکائی اسپورٹس کے درمیان اختلاف سامنے آیا ہے۔








