پنجاب میں 29 اگست سے 5 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی، لینڈ سلائیڈنگ اور سیلاب کا الرٹ
لاہور: پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون کے آٹھویں اسپیل کے حوالے سے الرٹ جاری کرتے ہوئے صوبے کے بیشتر اضلاع میں 29 اگست سے 5 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم، چکوال، اٹک، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین سمیت مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، لاہور، قصور اور اوکاڑہ میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
محکمے کے مطابق یکم سے 5 ستمبر کے دوران فیصل آباد، جھنگ، لیہ، بہاولپور اور ڈیرہ غازی خان میں بھی بارش کا امکان ہے۔ بارشوں کے باعث مختلف علاقوں میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خاص طور پر مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے سے خبردار کیا ہے۔ پہاڑی علاقوں میں مسلسل یا تیز بارش کے دوران سڑکوں پر مٹی اور پتھر گرنے کے واقعات پیش آ سکتے ہیں، جس سے آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
اتھارٹی کے مطابق بارشوں کے دوران برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔ متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب پاکستان محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے، تاہم بالائی علاقوں اور بعض اضلاع میں کہیں کہیں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پنجاب کے بالائی علاقوں میں بھی بعض مقامات پر بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کا امکان ہے جبکہ صوبے کے بیشتر میدانی علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں، خصوصاً پہاڑی اور نشیبی علاقوں میں رہنے والے افراد کو موسم کی صورتحال پر نظر رکھنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔







