صائم ایوب کی کریبین لیگ میں دھواں دار سنچری، تاریخ رقم کردی
کنگسٹن: پاکستان کے اوپنر صائم ایوب نے کریبین پریمیئر لیگ (CPL) میں اپنی پہلی ٹی ٹوئنٹی سنچری اسکور کرکے شاندار کارنامہ انجام دے دیا۔
جمیکا کنگزمین کی نمائندگی کرتے ہوئے صائم ایوب نے سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کے خلاف جارحانہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور صرف 58 گیندوں پر 102 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ ان کی اننگز میں 8 چھکے شامل تھے، جس کے باعث حریف بولرز مسلسل دباؤ میں رہے۔
صائم ایوب نے بیٹنگ کے ساتھ بولنگ میں بھی اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 4 اوورز میں صرف 20 رنز دے کر ایک اہم وکٹ حاصل کی اور ٹیم کی کامیابی میں آل راؤنڈ کردار ادا کیا۔
صائم ایوب کی شاندار کارکردگی کی بدولت جمیکا کنگزمین نے سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کو 11 رنز سے شکست دے دی۔
اس کامیابی کے ساتھ جمیکا کنگزمین نے ٹورنامنٹ میں اپنی تیسری فتح حاصل کرلی، جبکہ صائم ایوب کی سنچری میچ کی نمایاں کارکردگی بن گئی۔
صائم ایوب کی جارحانہ بیٹنگ نے نہ صرف ٹیم کو اہم کامیابی دلائی بلکہ کریبین پریمیئر لیگ میں پاکستانی کرکٹرز کی شاندار کارکردگی کی روایت کو بھی مزید مضبوط کیا۔







