گوجرانوالہ میں ستھرا پنجاب کی ٹریکٹر ٹرالی نے 5 سالہ بچی کو کچل دیا
گوجرانوالہ: پیپلز کالونی میں افسوسناک ٹریفک حادثے کے دوران ستھرا پنجاب کی ٹریکٹر ٹرالی کی زد میں آکر 5 سالہ کمسن بچی جاں بحق ہوگئی۔
حادثہ اس وقت پیش آیا جب 5 سالہ منہا شہزادی گلی میں کھیل رہی تھی۔ عینی شاہدین کے مطابق ٹریکٹر ٹرالی کا ڈرائیور گاڑی ریورس کر رہا تھا کہ اسی دوران بچی اس کی زد میں آگئی۔
حادثہ اتنا شدید تھا کہ بچی موقع پر ہی دم توڑ گئی۔ واقعے کے بعد ڈرائیور ٹریکٹر ٹرالی چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا، جبکہ کمسن بچی کی ہلاکت پر علاقے میں سوگ کی فضا پیدا ہوگئی۔
پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے حادثے کا باعث بننے والی ستھرا پنجاب کی ٹریکٹر ٹرالی کو تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا ہے۔ پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ڈرائیور کی تلاش جاری ہے اور واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب بچی کے اہلخانہ نے حادثے پر شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ دار ڈرائیور کی فوری گرفتاری اور قانون کے مطابق کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔
اہلخانہ کا کہنا ہے کہ کمسن بچی کی جان ضائع ہونے کے ذمہ داروں کا تعین کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے تاکہ مستقبل میں ایسے افسوسناک واقعات کی روک تھام ممکن ہوسکے۔







