افغان شناخت کے شبہ میں سرکاری ملازمین کی تحقیقات مکمل، سخت کارروائی کا فیصلہ
پشاور: افغان مہاجرین کی شناخت یا دستاویزات استعمال کرکے سرکاری ملازمتیں حاصل کرنے کے شبہ میں سرکاری ملازمین کے خلاف تحقیقات مکمل کرلی گئی ہیں، جبکہ قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا کے مختلف سرکاری محکموں میں مختلف گریڈز پر تعینات ایسے ملازمین کی تفصیلات مرتب کی گئی ہیں جن کی شناخت اور دستاویزات سے متعلق شکوک و شبہات سامنے آئے تھے۔ تحقیقات کے دوران سیکیورٹی اداروں سے بھی معاونت حاصل کی گئی، جبکہ متعلقہ محکموں کے سربراہان کو پیش رفت سے آگاہ کردیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے دوران مشتبہ ملازمین کے بیرون ملک مقیم رشتہ داروں، افغانستان میں موجود قریبی عزیزوں، بیرون ملک سیاسی پناہ حاصل کرنے والے افراد اور افغان مہاجر خاندانوں میں شادیاں کرنے والے ملازمین سے متعلق معلومات بھی جمع کرکے ان کی جانچ پڑتال کی گئی۔
میٹروپولیٹن، بلدیات اور محکمہ تعلیم سمیت پشاور اور صوبے کے مختلف سرکاری محکموں اور اضلاع میں تعینات ملازمین کی تفصیلات بھی مرتب کی گئی ہیں۔
ذرائع کے مطابق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مشتبہ ملازمین کے خلاف کارروائی سے قبل تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔ حکام کا کہنا ہے کہ شناخت یا دستاویزات میں کسی بھی قسم کی جعلسازی ثابت ہونے کی صورت میں متعلقہ قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔





