کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو ریگولیٹ کرنے کی درخواست پر نوٹس
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا استعمال کو ریگولیٹ کرنے اور انہیں پلیٹ فارمز کے مضر اثرات سے محفوظ رکھنے کی درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر نے درخواست کی سماعت کی۔ درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے لیے مؤثر عمر کی تصدیق کا نظام بنایا جائے اور کم عمر صارفین کو سوشل میڈیا کے ممکنہ منفی اثرات سے بچانے کے لیے قانون سازی کی جائے۔
سماعت کے دوران درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ مختلف ممالک میں بچوں کے ڈیجیٹل تحفظ کے لیے قانون سازی کی جا رہی ہے، جو ایک بین الاقوامی رجحان بن چکا ہے۔ وکیل کے مطابق بچوں کے بہترین مفاد کا تحفظ ریاست کی آئینی اور قانونی ذمہ داری ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا پیمرا میں بچوں کے سوشل میڈیا استعمال سے متعلق کوئی قانون موجود ہے؟ اس پر وکیل نے بتایا کہ اس حوالے سے اب تک کوئی مخصوص قانون نہیں بنایا جاسکا، تاہم پیمرا کے پاس شکایت کی صورت میں کارروائی کرنے کے اختیارات سے متعلق قانون موجود ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست پر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور کیس کی مزید سماعت آئندہ کارروائی کے لیے مقرر کردی۔




