بونیر میں افسوسناک حادثہ، دریائے برندو میں تین خواتین ڈوب گئیں، دو جاں بحق
بونیر: بونیر کے علاقے قکلیاڑی میں جلالہ پل کے مقام پر افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں دریائے برندو میں تین خواتین ڈوب گئیں، جن میں سے دو جاں بحق ہوگئیں جبکہ ایک خاتون کو زندہ نکال لیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی رضاکاروں، انسانیت فاؤنڈیشن اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائی شروع کردی۔ ریسکیو اہلکاروں اور رضاکاروں نے کوششوں کے بعد دو خواتین کی لاشیں دریا سے نکال لیں۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق حادثے میں زندہ بچ جانے والی خاتون کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ بعد ازاں خاتون کو مزید علاج اور طبی معائنے کے لیے آر ایچ ڈی دیوانہ بابا سے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال ڈگر منتقل کردیا گیا۔
واقعے کے بعد علاقے میں افسوس کی فضا پھیل گئی، جبکہ مقامی افراد نے متعلقہ اداروں سے دریائے برندو کے خطرناک مقامات پر حفاظتی اقدامات اور شہریوں کی آگاہی کے لیے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔




