کراچی: ڈیفنس میں جھگڑے کے موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کی شناخت ہوگئی

کراچی: ڈیفنس میں جھگڑے کے موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کی شناخت ہوگئی

اہلکاروں کو بیان کے لیے طلب کیا گیا تھا، پیش نہ ہونے پر قانونی کارروائی کا عندیہ

کراچی کے علاقے ڈیفنس خیابان بخاری میں جھگڑے کے موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کی شناخت کرلی گئی ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات بھی جاری ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کی ویڈیو میں نظر آنے والے اہلکار ضلع کورنگی اور مددگار 15 کورنگی میں تعینات ہیں۔ حکام نے ان اہلکاروں کو واقعے سے متعلق بیان ریکارڈ کرانے کے لیے آج صبح 10 بجے ڈی آئی جی ساؤتھ کے دفتر طلب کیا تھا، تاہم دونوں اہلکار بیان کے لیے دفتر نہیں پہنچے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث دونوں خاندانوں کو بھی تحقیقات کے سلسلے میں طلب کیا گیا تھا، تاہم دونوں خاندان بھی تاحال بیان ریکارڈ کرانے کے لیے پولیس کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔

خیال رہے کہ ڈیفنس کے علاقے خیابان بخاری میں دو خاندانوں کے درمیان جھگڑے اور مبینہ تشدد کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے واقعے کا نوٹس لیا تھا۔ ویڈیو میں موقع پر موجود پولیس اہلکار بھی دکھائی دے رہے ہیں، جس کے بعد ان کے کردار سے متعلق بھی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔

پولیس حکام کے مطابق ایس ایس پی کورنگی کو متعلقہ اہلکاروں کی مکمل تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ پولیس اہلکاروں کی تعیناتی، موقع پر موجودگی اور واقعے کے دوران ان کے کردار کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اگر طلب کیے جانے کے باوجود اہلکار تحقیقات کے لیے پیش نہیں ہوتے تو ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

دوسری جانب پولیس کی جانب سے دونوں خاندانوں کے بیانات بھی حاصل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ واقعے کے اصل حقائق سامنے لائے جا سکیں۔ پولیس حکام کے مطابق تمام پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں اور دستیاب ویڈیو شواہد کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

واقعے کی مزید تحقیقات کے بعد ذمہ دار افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا فیصلہ کیا جائے گا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کسی بھی اہلکار کی جانب سے اختیارات کے ناجائز استعمال یا فرائض میں غفلت ثابت ہونے کی صورت میں محکمانہ اور قانونی کارروائی کی جائے گی۔

More News