اسپانٹک چوٹی سر کرنے والی ڈاکٹر اسماء مشتاق کی لاش مل گئی

اسپانٹک چوٹی سر کرنے والی ڈاکٹر اسماء مشتاق کی لاش مل گئی

شگر کی اسپانٹک چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی کے دوران بلند پہاڑوں کی بیماری کا شکار ہوکر جاں بحق ہونے والی خاتون کوہ پیما ڈاکٹر اسماء مشتاق کی میت بالآخر مقامی رضاکاروں نے تلاش کرلی۔

ذرائع کے مطابق مقامی رضاکاروں کی پانچ رکنی ہائی آلٹیچیوڈ پورٹرز ٹیم نے دشوار گزار علاقے اور سخت موسمی حالات میں مسلسل کوششوں کے بعد ڈاکٹر اسماء مشتاق کا جسد خاکی تلاش کیا۔

اطلاعات کے مطابق میت آج صبح تقریباً 3 بجے، 7 ہزار 27 میٹر کی بلندی پر کیمپ تھری سے کچھ فاصلے پر ملی۔ رضاکاروں نے میت کو محفوظ طریقے سے پیک کرکے کیمپ تھری سے کیمپ ٹو منتقل کرنے کا عمل شروع کردیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کیمپ ٹو پہنچانے کے بعد میت کو بیس کیمپ منتقل کرنے کے لیے ضروری انتظامات کیے جارہے ہیں۔ اس مقصد کے لیے ریسکیو ٹیمیں اور مقامی رضاکار مختلف مراحل کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔

ڈاکٹر اسماء مشتاق نے اسپانٹک چوٹی سر کرنے میں کامیابی حاصل کی تھی، تاہم واپسی کے دوران بلند پہاڑی علاقے میں طبی پیچیدگی کا شکار ہوگئیں اور جانبر نہ ہوسکیں۔

میت کی تلاش کے لیے ارندو سے تعلق رکھنے والے محبوب کی قیادت میں پانچ رکنی ہائی آلٹیچیوڈ پورٹرز ٹیم نے انتہائی دشوار حالات میں کارروائی کی۔ ٹیم کو شدید سردی، بلند ترین مقام اور مشکل جغرافیائی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا۔

مقامی رضاکاروں کی مسلسل کوششوں کے نتیجے میں میت کی نشاندہی ممکن ہوئی، جس کے بعد اسے محفوظ مقام پر منتقل کرنے کا عمل شروع کردیا گیا ہے۔

ڈاکٹر اسماء مشتاق کی میت کو بیس کیمپ منتقل کرنے کے بعد ضروری قانونی اور دیگر کارروائی مکمل کی جائے گی۔

More News