نیپرا کی کے الیکٹرک کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فوری بند کرنے کی ہدایت
ریگولیٹر کا صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کا حکم
کراچی: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کو غیر اعلانیہ اور غیر ضروری لوڈشیڈنگ فوری طور پر بند کرنے اور تمام صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی یقینی بنانے کی ہدایت کردی۔
نیپرا نے واضح کیا کہ لائن لاسز اور کم ریکوری کی بنیاد پر لوڈشیڈنگ غیر قانونی ہے، جبکہ نقصانات کی بنیاد پر مکمل فیڈرز کی بجلی بند کرنے کا عمل فوری طور پر روکنا ہوگا۔
ریگولیٹر نے کہا کہ بجلی چوری یا بلوں کی عدم ادائیگی کی سزا باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین کو نہیں دی جاسکتی۔ باقاعدہ صارفین کو بلاجواز لوڈشیڈنگ کا سامنا نہیں ہونا چاہیے۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کو بجلی چوری اور نظام کے نقصانات پر قابو پانے کے لیے متبادل اقدامات اختیار کرنے کی ہدایت کی۔ نادہندگان اور بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے، تاہم پورے فیڈر کی بجلی بند نہ کی جائے۔
اتھارٹی نے بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کرنے اور قانونی کارروائی کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مؤثر تعاون بڑھانے کی بھی ہدایت کی۔
نیپرا نے کے الیکٹرک کو بجلی کے نظام میں نقصانات کم کرنے کے لیے مرحلہ وار اور وقت مقررہ منصوبہ تیار کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔
ریگولیٹر نے زور دیا کہ کے الیکٹرک کی قانونی ذمہ داری ہے کہ تمام صارفین کو بلاامتیاز بجلی فراہم کی جائے اور باقاعدگی سے بل ادا کرنے والے صارفین کو غیر ضروری بجلی کی بندش سے محفوظ رکھا جائے۔
نیپرا کی تازہ ہدایات کراچی کے مختلف علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور طویل بجلی بندش کی شکایات کے درمیان سامنے آئی ہیں۔
نیپرا کے مطابق بجلی چوری اور نادہندگان کے خلاف کارروائی ہدفی بنیادوں پر کی جانی چاہیے تاکہ اس کا بوجھ باقاعدہ بل ادا کرنے والے صارفین پر نہ پڑے۔
کے الیکٹرک کو اب نیپرا کی ہدایات پر عمل درآمد کرتے ہوئے بجلی کے نقصانات میں کمی، ریکوری میں بہتری اور صارفین کو قابل اعتماد بجلی کی فراہمی کے لیے عملی اقدامات کرنا ہوں گے۔





