اپر دیر میں شدید بارش سے کمرہ منہدم، خاتون جاں بحق، 6 سالہ بچی زخمی
اپر دیر کے علاقے پاچا کلے، ہاتن درہ میں شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث ایک کمرہ منہدم ہونے سے خاتون جاں بحق جبکہ 6 سالہ بچی زخمی ہوگئی۔
ڈپٹی کمشنر دیر بالا منظور احمد آفریدی کی ہدایات پر تحصیلدار ہیڈکوارٹر دیر ذاکر خان نے متاثرہ گھر کا دورہ کیا اور جاں بحق خاتون کے اہلِ خانہ سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
ذرائع کے مطابق مسمیٰ کامین خان کے گھر کا ایک کمرہ شدید بارش اور تیز ہواؤں کے باعث اچانک منہدم ہوگیا، جس کے نتیجے میں ان کی اہلیہ ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئیں۔
واقعے میں گھر کی 6 سالہ بچی دلناز بھی زخمی ہوئی، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
تحصیلدار ذاکر خان نے متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق خاتون کے لیے مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر کی دعا کی۔
دیر بالا میں حالیہ بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث مختلف علاقوں میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ اداروں کو صورتحال پر نظر رکھنے اور متاثرہ افراد کو ممکنہ امداد فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
انتظامیہ نے شہریوں کو بھی بارش کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور خستہ حال یا خطرناک عمارتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔








