سوات: فضاگٹ بائی پاس پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کی تیاریاں مکمل
سوات میں فضاگٹ بائی پاس پر غیر قانونی تجاوزات کے خلاف انتظامیہ نے کارروائی کی تیاریاں شروع کردی ہیں۔ ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی زیرِ صدارت اجلاس میں تجاوزات اور دوبارہ تعمیرات کے خلاف مجوزہ آپریشن کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں فضاگٹ بائی پاس پر قائم غیر قانونی تعمیرات، تجاوزات اور سرکاری اراضی پر دوبارہ تعمیرات کے معاملے پر غور کیا گیا۔ انتظامیہ نے واضح کیا کہ تجاوزات کے باعث شہریوں اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ ساتھ علاقے میں بنیادی سہولیات اور سڑک کے استعمال میں بھی مشکلات پیدا ہورہی ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے متعلقہ افراد کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی تجاوزات اور تعمیرات رضاکارانہ طور پر ختم کردیں۔ انتظامیہ نے خبردار کیا کہ مقررہ ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق خلاف ورزی کی صورت میں غیر قانونی تعمیرات کو مسمار کیا جائے گا اور تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر سوات نے متعلقہ محکموں اور انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ آپریشن سے قبل تمام ضروری انتظامات مکمل کیے جائیں تاکہ کارروائی قانون کے مطابق اور مؤثر انداز میں انجام دی جاسکے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ فضاگٹ بائی پاس کو تجاوزات سے پاک کرنے کا مقصد سڑک کی اصل حدود بحال کرنا، ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور سرکاری اراضی پر غیر قانونی قبضے و تعمیرات کا خاتمہ ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں اور متعلقہ افراد سے اپیل کی ہے کہ وہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے غیر قانونی تجاوزات مقررہ وقت کے اندر خود ختم کردیں۔








