پی آئی اے کا لندن فضائی آپریشن بڑھانے کا فیصلہ، 27 اکتوبر سے روزانہ 7 پروازیں
اسلام آباد سے 5 اور لاہور سے 2 پروازیں لندن کیلئے آپریٹ ہوں گی، مسافروں کی بڑھتی ہوئی طلب کے پیش نظر فیصلہ
پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) نے لندن کے لیے اپنے فضائی آپریشن میں توسیع کا فیصلہ کرلیا ہے۔ قومی ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق 27 اکتوبر 2026 سے لندن کے لیے روزانہ 7 پروازیں چلائی جائیں گی۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق نئی پروازوں میں سے 5 اسلام آباد جبکہ 2 لاہور سے لندن کے لیے آپریٹ ہوں گی۔ اس اضافے کے بعد برطانیہ اور پاکستان کے درمیان فضائی رابطے میں مزید بہتری آنے کی توقع ہے۔
پی آئی اے کے مطابق اس وقت لندن کے لیے ہفتہ وار 4 پروازیں آپریٹ کی جا رہی ہیں، تاہم مسافروں کی جانب سے بڑھتی ہوئی طلب اور قومی ایئرلائن پر اعتماد میں اضافے کے پیش نظر پروازوں کی تعداد بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ لندن روٹ پر فضائی آپریشن میں توسیع مسافروں کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔ پروازوں میں اضافے سے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو مزید سفری سہولت اور بہتر آپشنز دستیاب ہوں گے۔
پی آئی اے کی جانب سے لندن کے لیے پروازوں میں اضافہ ایسے وقت میں کیا جا رہا ہے جب پاکستان اور برطانیہ کے درمیان فضائی سفر کی طلب میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ قومی ایئرلائن کی جانب سے اضافی پروازوں کے ذریعے زیادہ سے زیادہ مسافروں کو سفری سہولت فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔







