ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ نئی شراکت داری، ایم ایل ون سمیت اہم منصوبوں پر غور

ایشیائی ترقیاتی بینک کے ساتھ نئی شراکت داری، ایم ایل ون سمیت اہم منصوبوں پر غور

وزیراعظم کی ایشیائی ترقیاتی بینک (اے ڈی بی) کے جنوبی، وسطی اور مغربی ایشیا کے نائب صدر ینگ منگ یانگ سے ملاقات ہوئی، جس میں پاکستان اور اے ڈی بی کے درمیان ترقیاتی شراکت داری، ایم ایل ون سمیت اہم انفراسٹرکچر منصوبوں اور نئی کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹیجی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ناشتے پر ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک کے درمیان کئی دہائیوں پر محیط ترقیاتی تعاون کا جائزہ لیا گیا، جبکہ کنٹری پارٹنرشپ اسٹریٹیجی 2026 سے 2030 کے تحت پاکستان کے لیے ترجیحی شعبوں اور منصوبوں پر بھی غور کیا گیا۔

ملاقات کے دوران کراچی سے پشاور تک مین لائن ون (ایم ایل ون) ریلوے کوریڈور کی جدید خطوط پر اپ گریڈیشن کو خصوصی اہمیت حاصل رہی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن ملکی ترجیحات میں شامل اہم ترین انفراسٹرکچر منصوبوں میں سے ایک ہے۔

وزیراعظم کے مطابق ایم ایل ون منصوبے کی تکمیل سے ملک میں مال برداری کے نظام کو جدید بنانے، علاقائی تجارتی روابط کو مضبوط کرنے اور بڑے صنعتی منصوبوں کی معاونت میں مدد ملے گی۔ انہوں نے منصوبے پر جلد عملی کام شروع کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایم ایل ون کا بروقت آغاز ملکی انفراسٹرکچر کی ترقی کے ساتھ جدید سفری اور تجارتی رابطوں کے لیے بھی انتہائی اہم ہے۔

ملاقات میں دونوں جانب سے ترقیاتی تعاون کو مزید وسعت دینے اور نئی شراکت داری کے تحت پاکستان کی ترجیحات کے مطابق منصوبوں پر پیش رفت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

More News