یوٹیوب میں بڑی تبدیلی، اب فون اور ٹی وی کو ایک ہی وائی فائی سے جوڑنا ضروری نہیں ہوگا

یوٹیوب میں بڑی تبدیلی، اب فون اور ٹی وی کو ایک ہی وائی فائی سے جوڑنا ضروری نہیں ہوگا

نئے فیچر کے ذریعے صارفین موبائل سے ٹی وی پر چلنے والی یوٹیوب ویڈیوز کو زیادہ آسانی سے کنٹرول کرسکیں گے

یوٹیوب نے صارفین کے لیے ایک بڑی تبدیلی متعارف کرانے کا سلسلہ شروع کردیا ہے، جس کے تحت اسمارٹ فون اور ٹی وی کو ایک ہی وائی فائی نیٹ ورک سے منسلک کرنا ضروری نہیں ہوگا۔

گوگل کی جانب سے یوٹیوب ہیلپ فارم پر اعلان کیا گیا ہے کہ اب دونوں ڈیوائسز کا ایک ہی گوگل اکاؤنٹ پر سائن اِن ہونا کافی ہوگا، جس کے بعد یوٹیوب انہیں خود ہی آپس میں پیئر کرسکے گا۔

اس نئے نظام میں اسمارٹ فون کو روایتی ریموٹ یا صرف کاسٹنگ سورس کے بجائے ’کمپینن‘ ڈیوائس کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ جب ٹی وی پر کوئی یوٹیوب ویڈیو چل رہی ہوگی اور صارف اپنے فون میں یوٹیوب ایپ کھولے گا تو اسکرین پر کمپینن پینل ظاہر ہوگا۔

اس پینل کے ذریعے صارف ٹی وی پر چلنے والی ویڈیو کو موبائل فون سے کنٹرول کرنے کے ساتھ اسے لائیک کرسکے گا، کمنٹ لکھ سکے گا اور متعلقہ چینل کو سبسکرائب بھی کرسکے گا۔

اس کے علاوہ ٹی وی پر ویڈیو چلتے رہنے کے دوران صارف موبائل ایپ پر دوسری ویڈیوز تلاش کرسکے گا یا یوٹیوب شارٹس دیکھ سکے گا، جس سے ٹی وی پر ویڈیو دیکھنے کا تجربہ مزید آسان ہوجائے گا۔

گوگل کے مطابق صارفین کی جانب سے طویل عرصے سے یہ شکایت سامنے آتی رہی ہے کہ ٹی وی پر ریموٹ کنٹرول کے ذریعے کمنٹ لکھنا، ویڈیو کی تفصیل پڑھنا یا کسی چینل کو سبسکرائب کرنا مشکل ہوتا ہے۔

نئے فیچر کا مقصد انہی مشکلات کو کم کرنا ہے۔ اب صارف کو فون اور ٹی وی کو ایک ہی وائی فائی نیٹ ورک پر رکھنے یا فون کو براہِ راست ٹی وی سے کنیکٹ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی، بلکہ ایک ہی گوگل اکاؤنٹ سے لاگ اِن ہونا کافی ہوگا۔

یوٹیوب نے اس فیچر کی دستیابی کا سلسلہ شروع کردیا ہے اور امکان ہے کہ اسے مرحلہ وار تمام صارفین کے لیے جاری کردیا جائے گا۔

More News