پرائیویٹ سکیم کے ذریعے حج کے خواہش مند شہریوں کے لیے اہم خبر

 

پرائیویٹ سکیم کے ذریعے حج کے خواہش مند شہریوں کے لیے اہم خبر

پرائیویٹ حج سکیم کے 16 پیکیجز کی تفصیلات ڈیجیٹل پورٹل پر اپ لوڈ، قیمتیں 14 لاکھ سے ساڑھے 37 لاکھ روپے تک مقرر

پرائیویٹ حج سکیم کے ذریعے حج کی سعادت حاصل کرنے کے خواہش مند پاکستانی شہریوں کے لیے اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ وزارت مذہبی امور کی ہدایت پر پرائیویٹ حج سکیم کے تمام حج پیکیجز ڈیجیٹل پورٹل پر اپ لوڈ کردیے گئے ہیں، جس کے بعد بکنگ کے عمل میں تیزی آگئی ہے۔

وزارت مذہبی امور کے مطابق بیشتر حج آرگنائزرز نے اپنے پیکیجز ڈیجیٹل پورٹل پر منتقل کردیے ہیں۔ رواں سال پرائیویٹ حج سکیم کے تحت 16 بنیادی حج پیکیجز فائنل کیے گئے ہیں، جن کی قیمتیں 14 لاکھ روپے سے ساڑھے 37 لاکھ روپے تک مقرر کی گئی ہیں۔

حکام کے مطابق عازمین اپنی ضروریات اور بجٹ کے مطابق مختلف پیکیجز کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ پرائیویٹ سکیم میں مختصر دورانیے کے حج، بیرون ملک سے براہِ راست پروازوں اور فائیو اسٹار سہولیات پر مشتمل پیکیجز بھی دستیاب ہیں۔

وزارت مذہبی امور نے عازمین کو مالی فراڈ اور دھوکہ دہی سے بچنے کے لیے خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پیکیج کا انتخاب اور تمام ادائیگیاں صرف آفیشل حج پورٹل یا پاک حج ایپ کے ذریعے کی جائیں۔

ترجمان وزارت مذہبی امور نے واضح کیا کہ کسی بھی فرد یا کمپنی کو براہِ راست نقد رقم دینے یا ذاتی بینک اکاؤنٹ میں ادائیگی کرنے کی صورت میں وزارت کسی مالی نقصان کی ذمہ دار نہیں ہوگی۔

رواں برس پرائیویٹ حج سکیم کے لیے مجموعی طور پر 71 ہزار 684 نشستیں مختص کی گئی ہیں، جبکہ پیکیج کے انتخاب اور رقم کی ادائیگی کے لیے 20 نومبر آخری تاریخ مقرر کی گئی ہے۔

حکام کے مطابق اگر مقررہ تاریخ تک پرائیویٹ حج سکیم کا کوٹہ مکمل نہ ہوا تو وزارت مذہبی امور کو باقی ماندہ کوٹہ ازسرِ نو مختص کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔

وزارت نے عازمین پر زور دیا ہے کہ حج بکنگ کے دوران صرف سرکاری ڈیجیٹل ذرائع استعمال کریں اور غیر مصدقہ افراد یا کمپنیوں کو رقم دینے سے گریز کریں تاکہ کسی بھی قسم کے مالی نقصان سے محفوظ رہا جاسکے۔

More News