ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی قیمت متعارف ہونے سے پہلے ہی لیک ہوگئی

ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی قیمت متعارف ہونے سے پہلے ہی لیک ہوگئی

فولڈ ایبل آئی فون کی قیمت 2 ہزار 99 ڈالر سے شروع ہونے کا امکان، مہنگا ترین ماڈل 3 ہزار ڈالر سے تجاوز کرسکتا ہے

ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کے حوالے سے ایک بار پھر اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ رپورٹس کے مطابق کمپنی کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے اس نئے فون کو آئی فون الٹرا کا نام دیے جانے کا امکان ہے، جبکہ اس کی قیمت اور متعدد فیچرز بھی لانچ سے قبل ہی لیک ہوگئے ہیں۔

اس ڈیوائس کے حوالے سے گزشتہ کئی ماہ سے مختلف لیکس اور افواہیں گردش کررہی ہیں۔ اس سے قبل اندازہ لگایا جارہا تھا کہ ایپل کے پہلے فولڈ ایبل آئی فون کی ابتدائی قیمت تقریباً 2 ہزار ڈالر ہوگی۔

میک ریومرز کی رپورٹ کے مطابق امریکا میں فولڈ ایبل آئی فون کی قیمت 2,099 سے 2,299 ڈالر کے درمیان ہوسکتی ہے، جبکہ اس کے سب سے مہنگے ورژن کی قیمت 3 ہزار ڈالر سے زائد ہونے کا امکان ہے۔

اگر یہ قیمتیں درست ثابت ہوئیں تو فولڈ ایبل آئی فون ایپل کا اب تک کا مہنگا ترین آئی فون ہوگا، جو موجودہ مہنگے ترین ماڈل آئی فون 17 پرو میکس کی ابتدائی قیمت 1,199 ڈالر سے کہیں زیادہ ہوگی۔

رپورٹ کے مطابق فون کے بیرونی حصے میں 5.5 انچ کا OLED ڈسپلے دیا جائے گا، جبکہ ڈیوائس کھولنے پر 7.8 انچ کا OLED ڈسپلے دستیاب ہوگا، جس میں پروموشن ٹیکنالوجی شامل ہونے کا امکان ہے۔

فون میں ٹچ آئی ڈی کے ساتھ ایپل کی نئی A20 Pro چپ دیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ ڈیوائس کے مختلف ماڈلز میں 12 جی بی ریم کے ساتھ 256 جی بی، 512 جی بی، ایک ٹی بی اور 2 ٹی بی اسٹوریج کے آپشنز دستیاب ہوسکتے ہیں۔

کیمرا سیٹ اپ کی بات کی جائے تو فون کے فرنٹ پر 24 میگا پکسل کیمرہ جبکہ بیک پر 48 میگا پکسل وائیڈ اور 48 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرے دیے جانے کا امکان ہے۔

ڈیزائن کے لحاظ سے بھی یہ فون موجودہ فولڈ ایبل ڈیوائسز سے مختلف ہوسکتا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس کی باڈی نسبتاً زیادہ چوڑی اور کم لمبی ہوگی، جبکہ مکمل طور پر کھولنے پر اس کی شکل آئی پیڈ سے ملتی جلتی محسوس ہوسکتی ہے۔

ایپل کی جانب سے فون کی حتمی قیمت، نام اور فیچرز کی باضابطہ تصدیق متوقع تعارف کے وقت ہی ہوگی۔

More News

Breaking

پنجاب میں ماحولیاتی خلاف ورزیوں کی نگرانی سخت کرنے کیلئے گرینڈ آپریشن کا فیصلہ لاہور: پنجاب حکومت نے ماحولیاتی قوانین کی خلاف ورزیوں کی نگرانی

Read More »
Breaking

ہری پور، سوات، چترال، ملاکنڈ اور اورکزئی کے عوام نئے صوبوں کے حق میں بول اٹھے ہری پور، سوات، چترال، ملاکنڈ اور اورکزئی کے عوام

Read More »