خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 21 بھارتی حمایت یافتہ خوارج ہلاک
خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی مؤثر کارروائیوں کے دوران مزید 21 خوارج ہلاک کر دیے گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کارروائیاں شمالی وزیرستان، کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان کے مختلف علاقوں میں کی گئیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب شمالی وزیرستان میں پاک افغان سرحد کے قریب کارروائی کے بعد علاقے میں موجود مزید 10 خوارج کو ہلاک کیا گیا، جس کے بعد دراندازی کی کوشش کرنے والے ہلاک خوارج کی مجموعی تعداد 25 ہوگئی۔
شمالی وزیرستان میں ایک اور جھڑپ کے دوران سکیورٹی فورسز نے خوارج کے ایک گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگا کر مؤثر کارروائی کی، جس میں مزید 7 خوارج مارے گئے۔ اسی طرح کوہاٹ اور ڈیرہ اسماعیل خان میں دو مختلف جھڑپوں کے دوران مزید 4 خوارج کو ہلاک کیا گیا۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاک افغان سرحد پر مسلسل پیش آنے والے واقعات افغان طالبان حکومت کی جانب سے دہشت گرد گروہوں کو افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے سے روکنے میں ناکامی کی نشاندہی کرتے ہیں۔ بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اپنی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہے اور بھارتی سرپرستی میں سرگرم خوارج کے خلاف کلیئرنس کارروائیاں جاری رہیں گی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انسدادِ دہشت گردی کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رہیں گی تاکہ ملک سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔








