یومِ دفاع و شہدا: مزارِ قائد پر پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے

یومِ دفاع و شہدا: مزارِ قائد پر پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھال لیے

کراچی میں یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر مزارِ قائد پر تبدیلیِ گارڈز کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں پاکستان ایئر فورس کے کیڈٹس نے مزارِ قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔

ملک بھر میں آج یومِ دفاع و شہدا قومی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر 1965 کی جنگ میں دفاعِ وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے غازیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا جا رہا ہے۔

مزارِ قائد پر منعقدہ تقریب کا آغاز پرچم کشائی سے ہوا، جس کے بعد پاکستان ایئر فورس کے کیڈٹس نے روایتی انداز میں گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے تقریب کے دوران شاندار پریڈ کا مظاہرہ بھی کیا۔

تقریب میں ایئر وائس مارشل حسن فیصل نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر قومی جذبے، نظم و ضبط اور وطن سے وفاداری کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

یومِ دفاع و شہدا ہر سال 6 ستمبر کو 1965 کی جنگ کی یاد میں منایا جاتا ہے۔ یہ دن پاکستان کی مسلح افواج اور قوم کی جانب سے ملکی دفاع کے لیے دی جانے والی قربانیوں کو یاد کرنے اور شہدا و غازیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔

More News