یومِ دفاع پاکستان: ڈپٹی کمشنر آفس سوات میں پروقار پرچم کشائی کی تقریب

یومِ دفاع پاکستان: ڈپٹی کمشنر آفس سوات میں پروقار پرچم کشائی کی تقریب

سوات: یومِ دفاع پاکستان کے موقع پر ڈپٹی کمشنر آفس سوات میں قومی جوش و جذبے کے ساتھ پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں ضلعی انتظامیہ، پولیس اور پاک فوج کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔

تقریب میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریلیف و انسانی حقوق) نعمت اللہ، پاک فوج کی 6 بریگیڈ کے کرنل فہد، ایس پی آپریشن سوات غلام صادق خان سمیت مختلف محکموں کے افسران اور اہلکار شریک ہوئے۔

ڈی پی او سوات محمد عمر خان، کرنل فہد اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نعمت اللہ نے مشترکہ طور پر قومی پرچم بلند کیا۔ اس موقع پر سوات پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سبز ہلالی پرچم کو سلامی پیش کی، جبکہ تقریب میں قومی جذبے اور حب الوطنی کا اظہار کیا گیا۔

تقریب کے دوران پاکستان کی سلامتی، قومی یکجہتی، استحکام اور امن و امان کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ افواجِ پاکستان کے شہداء کے بلندیِ درجات کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی گئی اور ان کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔

اس موقع پر ڈی پی او سوات محمد عمر خان نے کہا کہ 6 ستمبر پاکستان کی تاریخ میں جرأت، استقامت اور قومی اتحاد کی علامت ہے۔ یہ دن ہمیں ان بہادر سپوتوں کی بے مثال قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے مادرِ وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

محمد عمر خان کا کہنا تھا کہ شہدائے پاکستان کی قربانیاں ملک کی آزادی اور خودمختاری کی عظیم امانت ہیں، جنہیں قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے پاک فوج اور دیگر مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت، غیر متزلزل عزم اور قربانیوں کو پوری قوم کے لیے باعثِ فخر قرار دیا۔

ڈی پی او سوات نے کہا کہ وطن کے محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ قوم اتحاد، نظم و ضبط اور خدمتِ خلق کو اپنا شعار بنائے اور پاکستان کے امن، ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔

More News