خیبر پختونخوا میں چکن گونیا کے 200 سے زائد مشتبہ کیسز، ہیلتھ ایمرجنسی نافذ

خیبر پختونخوا میں چکن گونیا کے 200 سے زائد مشتبہ کیسز، ہیلتھ ایمرجنسی نافذ

خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے زیارت کاکا صاحب میں مچھروں سے پھیلنے والی وائرل بیماری چکن گونیا کے 200 سے زائد مشتبہ کیسز سامنے آنے کے بعد ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت نے بیماری کے مزید پھیلاؤ کو روکنے کے لیے ہنگامی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔

حکام کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران 200 سے زائد مشتبہ مریضوں کو اسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ ابتدائی طور پر 6 کیسز میں چکن گونیا کی تصدیق ہوئی تھی۔ سرکاری رپورٹس کے مطابق اسپن کنڈرے کے علاقے میں 122 کیسز کی باقاعدہ تصدیق بھی ہوچکی ہے۔ مزید مشتبہ مریضوں کے نمونے لیبارٹری ٹیسٹنگ کے لیے بھجوائے گئے ہیں۔

محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں گھر گھر انڈور ریزیڈول سپرے کر رہی ہیں، جبکہ کھڑے پانی کی نشاندہی اور مچھروں کی افزائش روکنے کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔ شہریوں میں آگاہی کے لیے مساجد میں اعلانات اور آگاہی سیشنز کا سلسلہ بھی شروع کیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ افراد میں ادویات اور مچھر دانیاں تقسیم کی جا رہی ہیں۔

دوسری جانب بیماری سے اموات کی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نوشہرہ نے کہا ہے کہ متاثرہ علاقے میں چکن گونیا سے تاحال کوئی موت نہیں ہوئی۔ ان کے مطابق پہلے رپورٹ ہونے والی تین اموات کینسر اور دیگر بیماریوں کے باعث ہوئیں۔

صوبائی وزیرِ صحت نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ متاثرہ اسپتال کا دورہ بھی کیا گیا، جہاں ادویات، ڈاکٹروں، نرسنگ اسٹاف اور دیگر طبی سہولیات کا جائزہ لیا گیا اور مریضوں کے رش کے پیش نظر اضافی عملہ تعینات کیا گیا۔

چکن گونیا ایڈیز مچھروں کے ذریعے پھیلنے والی بیماری ہے، جس کی نمایاں علامات میں اچانک بخار، شدید جوڑوں کا درد، سر درد، پٹھوں میں درد اور جسم پر سرخ دھبے شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق بیماری سے بچاؤ کے لیے صفائی، کھڑے پانی کا خاتمہ اور مچھروں سے تحفظ انتہائی ضروری ہے۔

More News