طلبہ کے لیے قسطوں پر ای بائیک، مفت ٹریننگ اور ہیلمٹ بھی ملے گا

طلبہ کے لیے قسطوں پر ای بائیک، مفت ٹریننگ اور ہیلمٹ بھی ملے گا

لاہور: پنجاب حکومت نے طلبہ و طالبات کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب ای بائیک اسکیم 2026 کا آغاز کیا ہے، جس کے تحت اہل طلبہ کو سرکاری سبسڈی اور بلاسود آسان اقساط پر الیکٹرک اسکوٹی فراہم کی جائے گی۔ اسکیم میں مفت ڈرائیونگ تربیت، ہیلمٹ اور حفاظتی سامان سمیت دیگر سہولتیں بھی شامل ہیں۔

اس اسکیم سے پنجاب کے اہل سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں زیرِ تعلیم طلبہ و طالبات فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ درخواست دینے کے لیے عمر کم از کم 16 سال ہونا ضروری ہے، جبکہ امیدوار کے پاس درست ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ ہونا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

درخواست گزار کے لیے درست کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ بھی ضروری ہے۔ والدین یا قانونی سرپرست ضامن بن سکتے ہیں، جبکہ درخواست میں درج موبائل نمبر ضامن کے نام پر رجسٹرڈ ہونا چاہیے۔

طلبہ و طالبات اسکیم کے لیے 4 اکتوبر 2026 تک آن لائن درخواست جمع کراسکتے ہیں۔ درخواستیں متعلقہ سرکاری اسکیم پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں۔

اسکیم کے تحت فراہم کی جانے والی الیکٹرک بائیک میں 72 وولٹ اور 30 ایمپیئر گھنٹے کی بیٹری جبکہ 1,000 واٹ کی موٹر شامل ہوگی۔ بائیک کی زیادہ سے زیادہ رفتار تقریباً 50 سے 55 کلومیٹر فی گھنٹہ بتائی گئی ہے۔

اسکیم کی ایک اہم سہولت مفت تربیت بھی ہے۔ اہل طلبہ و طالبات کے لیے پانچ اسکوٹی ٹریننگ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں، جہاں انہیں الیکٹرک اسکوٹی چلانے کی مفت تربیت فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ حفاظتی سامان اور ہیلمٹ بھی فراہم کیے جائیں گے۔

More News