جی میل، ڈاکس اور کیپ کیلئے نئے لائیو اے آئی وائس فیچرز متعارف

جی میل، ڈاکس اور کیپ کیلئے نئے لائیو اے آئی وائس فیچرز متعارف

گوگل نے اپنی مقبول سروسز جی میل، گوگل ڈاکس اور گوگل کیپ کیلئے مصنوعی ذہانت پر مبنی نئے لائیو وائس فیچرز متعارف کرا دیے ہیں، جن کی مدد سے صارفین ٹائپنگ کے بجائے قدرتی زبان اور ڈکٹیشن کے ذریعے مختلف کام انجام دے سکیں گے۔

گوگل کی جانب سے ان فیچرز کا ابتدائی تعارف رواں سال مئی میں کرایا گیا تھا، تاہم اب انہیں باضابطہ طور پر لانچ کردیا گیا ہے۔ کمپنی نے تینوں سروسز میں متعارف کرائے گئے نئے فیچرز کو بالترتیب Gmail Live، Docs Live اور Keep Live کا نام دیا ہے۔

نئے فیچرز میں سب سے نمایاں سہولت جی میل صارفین کیلئے ہے۔ اب صارفین کو ان باکس سے متعلق معلومات حاصل کرنے کیلئے سرچ باکس میں سوال ٹائپ کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ وہ جیمینائی پر مبنی اے آئی اسسٹنٹ سے براہ راست آواز کے ذریعے سوالات پوچھ سکیں گے، جبکہ سسٹم لائیو ٹرانسکرپٹ کی مدد سے ان کی بات کو سمجھ کر جواب فراہم کرے گا۔

گوگل ڈاکس میں بھی وائس کمانڈز کے ذریعے دستاویز تیار کرنا مزید آسان ہوگیا ہے۔ صارف اپنی مطلوبہ تحریر یا موضوع کے بارے میں بول کر ہدایات دے سکے گا، جس کے بعد اے آئی اسسٹنٹ جی میل، گوگل ڈرائیو، چیٹ اور ویب سے متعلقہ معلومات اکٹھی کرکے ابتدائی مسودہ تیار کرنے میں مدد دے گا۔

اسی طرح گوگل کیپ میں متعارف کرایا گیا Keep Live صارفین کو بغیر ٹائپ کیے نوٹس بنانے کی سہولت فراہم کرے گا۔ صارف اپنی ہدایات آواز کے ذریعے دے سکیں گے اور اے آئی ان ہدایات کی بنیاد پر نوٹس، فہرستیں اور دیگر مواد تیار کرسکے گا۔

گوگل کے مطابق کیپ لائیو کو روزمرہ کے مختلف کاموں کیلئے بھی استعمال کیا جاسکتا ہے۔ مثال کے طور پر صارف کسی خاص ڈش کی ترکیب یا خریداری کیلئے درکار اشیا کی فہرست تیار کرنے کی ہدایت دے سکتا ہے، جسے اے آئی خود ترتیب دینے میں مدد کرے گا۔

کمپنی نے واضح کیا ہے کہ Gmail Live فیچر گوگل اے آئی پلس، پرو اور الٹرا صارفین کیلئے دستیاب ہوگا، جبکہ Docs Live اور Keep Live فی الحال گوگل اے آئی پرو اور الٹرا صارفین کیلئے فراہم کیے گئے ہیں۔

یہ تمام فیچرز ابتدائی طور پر آئی فون اور اینڈرائیڈ ڈیوائسز پر صرف انگریزی زبان میں دستیاب ہوں گے۔ گوگل کے مطابق ان سہولیات کو مستقبل قریب میں ورک اسپیس بزنس صارفین کیلئے بھی متعارف کرانے کا منصوبہ ہے۔

نئے وائس فیچرز سے توقع ہے کہ صارفین کیلئے ای میلز، دستاویزات اور نوٹس تیار کرنا زیادہ تیز، آسان اور قدرتی ہوجائے گا، جبکہ مصنوعی ذہانت کے ذریعے روزمرہ کے کاموں کو خودکار بنانے کی جانب گوگل کی کوششیں مزید آگے بڑھیں گی۔

More News