راولپنڈی میں رواں سال صرف 6 ڈینگی کیسز رپورٹ

راولپنڈی میں رواں سال صرف 6 ڈینگی کیسز رپورٹ

راولپنڈی میں رواں سال ڈینگی بخار کے کیسز میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق 7 ستمبر تک ضلع بھر میں صرف 6 افراد میں ڈینگی بخار کی تصدیق ہوئی، جبکہ خوش آئند بات یہ ہے کہ رواں سال اب تک ڈینگی کے باعث کسی مریض کی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

محکمہ صحت راولپنڈی کے مطابق ڈینگی کے ممکنہ پھیلاؤ کو روکنے کے لیے شہر اور گردونواح میں بھرپور سرویلنس اور انسدادِ ڈینگی سرگرمیاں جاری ہیں۔ لاروا کی تلاش اور تلفی کے لیے 1400 ٹیمیں فیلڈ میں کام کر رہی ہیں، جو مختلف علاقوں میں گھروں، کاروباری مراکز اور دیگر مقامات کا معائنہ کر رہی ہیں۔

رپورٹ کے مطابق 7 ستمبر تک مجموعی طور پر 3 ہزار 753 افراد کی ڈینگی اسکریننگ کی جاچکی ہے۔ سرویلنس کے دوران 12 ہزار 906 گھروں سمیت مجموعی طور پر 19 ہزار 900 مقامات پر ڈینگی لاروا کی موجودگی کی نشاندہی ہوئی، جس کے بعد متعلقہ ٹیموں نے حفاظتی اقدامات اور لاروا کے خاتمے کے لیے کارروائیاں کیں۔

محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق راولپنڈی میں اگست اور ستمبر کے دوران ڈینگی کا کوئی نیا مریض سامنے نہیں آیا، جبکہ جولائی میں 4 افراد میں ڈینگی بخار کی تصدیق ہوئی تھی۔ یہ کیسز ڈھوک حسو جنوبی، کوٹھہ کلاں اور کونتریلا کے علاقوں سے رپورٹ ہوئے۔

دوسری جانب ڈینگی سے بچاؤ کے لیے جاری مہم کے دوران حفاظتی اقدامات کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 1973 مقدمات درج کروائے گئے جبکہ مختلف افراد اور اداروں پر 21 لاکھ 24 ہزار روپے کے جرمانے عائد کیے گئے۔

محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی لاروا کی سب سے زیادہ نشاندہی یونین کونسل گرِجا، گلستان کالونی، رحیم آباد، ڈھوک حسو، مورگاہ، ڈھوک منگٹال اور کلیال کے علاقوں میں ہوئی ہے۔ ان علاقوں میں سرویلنس مزید مؤثر بنانے اور ممکنہ افزائش گاہوں کے خاتمے کے لیے فیلڈ ٹیموں کی سرگرمیاں جاری ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ ڈینگی کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے شہریوں کا تعاون بھی انتہائی اہم ہے۔ گھروں، گلیوں اور اردگرد کے علاقوں میں پانی جمع نہ ہونے دینا، صفائی کا خیال رکھنا اور ڈینگی لاروا کی ممکنہ افزائش گاہوں کی بروقت نشاندہی کرنا بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

More News