کِیا کی الیکٹرک گاڑیوں کی قیمتوں میں بڑی کمی، نئی قیمتیں جاری
پاکستان میں الیکٹرک گاڑی خریدنے کے خواہشمند صارفین کے لیے اہم خبر سامنے آگئی، جہاں کِیا نے محدود مدت کے لیے اپنی تین بیٹری الیکٹرک گاڑیوں کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا اعلان کردیا ہے۔
قیمتوں میں کمی کا اطلاق کِیا EV9، EV5 شارٹ رینج اور EV5 لانگ رینج ماڈلز پر کیا گیا ہے۔ تینوں گاڑیوں میں سب سے بڑی کمی EV9 کی قیمت میں کی گئی، جس کی قیمت 45 لاکھ 50 ہزار روپے کم کردی گئی ہے۔
کِیا EV9 کی سابقہ قیمت 4 کروڑ 32 لاکھ روپے تھی، جو اب کم ہوکر 3 کروڑ 86 لاکھ 50 ہزار روپے ہوگئی ہے۔ EV9 کِیا کی پریمیم الیکٹرک SUV رینج کا ٹاپ ماڈل ہے، جس کی نئی قیمت اسے لگژری الیکٹرک گاڑیوں کے خریداروں کیلئے نسبتاً زیادہ قابلِ غور آپشن بناتی ہے۔
دوسری جانب EV5 کے دونوں ورژنز کی قیمتوں میں بھی 16 لاکھ 50 ہزار روپے کی یکساں کمی کی گئی ہے۔ EV5 شارٹ رینج کی قیمت 1 کروڑ 85 لاکھ روپے سے کم کرکے 1 کروڑ 68 لاکھ 50 ہزار روپے کردی گئی، جبکہ EV5 لانگ رینج کی قیمت 2 کروڑ 35 لاکھ روپے سے کم ہوکر 2 کروڑ 18 لاکھ 50 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی مارکیٹ تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور مختلف الیکٹریفائیڈ ماڈلز کی آمد سے مقابلہ بھی بڑھ رہا ہے۔ ایسے میں کِیا کی قیمتوں میں کمی صارفین کیلئے ایک اہم پیش رفت قرار دی جارہی ہے۔
ماہرین کے مطابق گاڑی خریدنے سے قبل صارفین کو حتمی قیمت، بکنگ اور ڈیلیوری، وارنٹی، بیٹری وارنٹی، چارجنگ سہولت اور آفٹر سیلز سروس سمیت تمام متعلقہ اخراجات کی تصدیق کرنی چاہیے۔








