آئی ٹی برآمدات میں اضافہ، پاکستانی ٹیک سیکٹر کی عالمی منڈیوں تک رسائی

آئی ٹی برآمدات میں اضافہ، پاکستانی ٹیک سیکٹر کی عالمی منڈیوں تک رسائی

پاکستان کا آئی ٹی شعبہ برآمدات، ڈیجیٹل کاروبار اور عالمی مارکیٹ تک رسائی کے حوالے سے نمایاں پیش رفت کر رہا ہے۔ مالی سال 2025-26 کے دوران پاکستان کی آئی سی ٹی برآمدی ترسیلات میں سالانہ 19.7 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس سے ملکی معیشت میں ٹیک سیکٹر کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق پاکستان کے آئی سی ٹی شعبے نے 2.91 ارب ڈالر کا تجارتی سرپلس حاصل کیا، جو ملکی معیشت کے لیے ایک اہم پیش رفت ہے۔ آئی ٹی سرگرمیوں میں اضافے کے ساتھ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) میں آئی ٹی اور آئی ٹی سروسز سے متعلق 872 نئی کمپنیاں بھی رجسٹر ہوئیں۔

پاکستانی ٹیک کمپنیاں، ڈیجیٹل ایجنسیاں اور ای کامرس کاروبار عالمی منڈیوں میں اپنی موجودگی بڑھا رہے ہیں۔ حال ہی میں 20 سے زائد پاکستانی کمپنیوں نے سعودی عرب میں منعقدہ بین الاقوامی نمائش میں شرکت کی، جہاں پاکستانی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل خدمات کو عالمی کاروباری حلقوں کے سامنے پیش کیا گیا۔

دوسری جانب اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (ایس آئی ایف سی) پاکستان کے آئی ٹی شعبے، ڈیجیٹل معیشت اور سرمایہ کاری کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ جدید مالیاتی انفرا اسٹرکچر بھی عالمی کرنسیوں میں ادائیگیوں کی وصولی اور بین الاقوامی فنڈز کے مؤثر انتظام میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق آئی ٹی برآمدات میں مسلسل اضافہ، نئی کمپنیوں کا قیام اور ڈیجیٹل انفرا اسٹرکچر کی ترقی پاکستان کی ڈیجیٹل معیشت کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کر رہے ہیں، جبکہ عالمی مارکیٹ میں پاکستانی ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل خدمات کی مانگ میں مزید اضافے کے امکانات بھی موجود ہیں۔

More News