ملائیشیا میں فلائنگ ڈاکٹر سروس کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار
ملائیشیا: ریاست سراواک میں فلائنگ ڈاکٹر سروس کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہو کر تباہ ہوگیا، حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں طبی عملے سمیت 5 افراد سوار تھے۔
غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حادثہ جزیرہ بورنیو کے قریب واقع ملائیشیا کی ریاست سراواک میں ایک ہوائی اڈے کے نزدیک پیش آیا۔ حادثے کے بعد امدادی اداروں نے فوری کارروائیاں شروع کردیں۔
ملائیشین حکام نے تاحال حادثے میں کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی۔ حکام کی جانب سے ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کی موجودہ حالت اور حادثے کی وجوہات کے بارے میں بھی حتمی معلومات جاری نہیں کی گئیں۔
ملائیشیا کے وزیر صحت ذوالکفلی احمد نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ہیلی کاپٹر میں ایک پائلٹ اور وزارت صحت سے وابستہ ملازمین سوار تھے۔ طبی عملے میں ایک میڈیکل افسر، ایک اسسٹنٹ میڈیکل افسر اور نرسیں شامل تھیں۔
وزیر صحت کے مطابق حادثے کے بعد متعلقہ اداروں کی جانب سے جائے حادثہ پر امدادی اور تلاش کی کارروائیاں جاری ہیں۔ حکام ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ حادثے کی وجوہات جاننے کی بھی کوشش کر رہے ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور طبی اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ حکام کی جانب سے حادثے کی مکمل صورتحال واضح ہونے کے بعد مزید تفصیلات جاری کیے جانے کا امکان ہے۔
فلائنگ ڈاکٹر سروس ملائیشیا کے دور دراز اور دیہی علاقوں میں طبی سہولیات کی فراہمی کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے۔ اس سروس کے ذریعے ایسے علاقوں تک طبی عملہ اور ہنگامی طبی امداد پہنچائی جاتی ہے جہاں عام حالات میں طبی مراکز تک رسائی مشکل ہوتی ہے۔
اس سروس کے تحت طبی ٹیمیں ضرورت مند مریضوں تک پہنچنے، ہنگامی صورتحال میں طبی امداد فراہم کرنے اور دیگر ضروری صحت کی خدمات کی فراہمی میں معاونت کرتی ہیں۔
ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد متعلقہ اداروں کی کارروائی جاری ہے، جبکہ حکام کی جانب سے حادثے کی وجہ اور ہیلی کاپٹر میں سوار افراد کی صورتحال سے متعلق مزید معلومات کا انتظار ہے۔








